عالمی برادری کشمیر میں بھارتی دہشتگردی کا نوٹس لے :بلاول بھٹو زرداری

عالمی برادری کشمیر میں بھارتی دہشتگردی کا نوٹس لے :بلاول بھٹو زرداری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 کراچی (اسٹاف رپورٹر ) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے بھارت عالمی برادری کو دھوکہ دینے کی کوشش کر رہا ہے اور مقبوضہ کشمیر میں 7دہایوں سے جاری تحریک آزادی کو دہشتگردی کی تحریک طور پیش کر رہا ہے،صرف اتحاد سے ہی ہم بھارت کی ان چالبازیوں کو ناکام بنا سکتے ہیں،اس لیے پوری قوم اور تمام سیاسی جماعتوں کو مقبوضہ کشمیر کے عوام پر جاری ظلم و بربریت کے خلاف ایک آواز ہوکر متحد ہونا پڑے گا،بلاول بھٹو زرداری نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیٹرز اور ایم این ایز کی مشترکہ پارلیامانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے ناسور نے ہماری قوم اور ملک کو خطرناک حد تک متاثر کیا ہے ، دہشتگردعام لوگوں کو بے رحمی سے قتل کر رہے ہیں، جن میں سے بعض سے قومی ایکشن پلان کے تحت ابھی تک آہنی ہاتھوں سے نہیں نمٹا گیا ہے،انہوں نے کہا کہ ہماری قوم اور مسلح فورسز کو دہشتگردپیدا کرنے والے فارمز اور ان کے سہولتکار مراکز کے خلاف ضرور کارروائی کرنے ہوگی،بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمیں ہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت کرنی چاہیے،کیونکہ کل کوئٹہ میں جس طرح شیعہ بہنوں کو قتل کیا گیا ہے اس پر ہم خاموش نہیں رہ سکتے،انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردی کا عفریت اپنے انڈے سے نکلنے سے لے کر پاکستان پیپلزپارٹی کو نشانہ بنا رہا ہے،جس میں ہماری قیادت شہید محترمہ بینظیر بھٹو سمیت سینکڑوں کارکنان، عام شہری اور سپاہی قربان ہوئے ہیں،بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دہشتگردی نے نہ صرف 2013کے عام انتخابات میں ہماری پارٹی کی ’’شکست‘‘ کا بندوبست کیا بلکہ عالمی برادری میں ہمارے ملک کی پوزیشن کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچانے کا سبب بھی بنی،انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کو دہشتگردی کے خلاف مزید متحرک کیا جائے اور اس پلان کے تمام نکات پر عملدرآمد کیا جائے،انہوں نے نوز شریف حکومت کو خبردار کیا کہ وہ ریاستی آلات استعمال کرکے مخالفین کے خلاف انتقامی کارروایاں بند کرے،بلاول بھٹو زرداری نے عالمی برادری سے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم بند کرانے اور خطے میں مستقل امن کی بحالی کے لیے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو حق خودارادیت کو استعمال کرنے کی اجازت دینے کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالے۔