حکومت اور پارلیمنٹ مشترکہ طور پر کشمیر کی آزادی کا روڈ میپ دے: سراج الحق

حکومت اور پارلیمنٹ مشترکہ طور پر کشمیر کی آزادی کا روڈ میپ دے: سراج الحق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(اے این این )امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت پاکستان اور پارلیمنٹ مشترکہ طور پر کشمیر کی آزادی کاروڈ میپ دے ۔ میں بیس کروڑ پاکستانی عوام کی طرف سے کشمیریوں کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم آزادی کی منزل کے حصول تک کشمیریوں کے شانہ بشانہ رہیں گے۔ نریندر مودی نے مقبوضہ کشمیر کے اندر ظلم اور جبر کی انتہا کر دی ہے، کشمیریوں کی فصلوں کو تباہ اور کھیتوں اور کھلیانوں کو نذر آتش کیا جارہا ہے ۔68دن سے مسلسل کرفیو نافذ ہے جس کی وجہ سے مارکیٹوں کے اندر کھانے پینے کی اشیاء ختم ہو چکی ہیں ، مائیں اپنے بچوں کو دودھ نہیں پلا سکتیں ، ادویات کی شدید قلت ہے ، اس وقت مقبوضہ کشمیر کے اندر شدید بحران ہے، جس کا فوری نوٹس لینے کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی طرف سے وزیر اعظم آزاد کشمیر کو اپنی طرف سے اسلام آباد میں دیئے گئے عشائیہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تقریب سے وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حید ر ،امیر جماعت اسلامی و ممبر قانون ساز اسمبلی آزاد کشمیر عبد الرشید ترابی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ قابض بھارتی افواج نے 68سالو ں میں پانچ لاکھ سے زائد کشمیریوں کو شہید کیا ۔ لاکھوں کشمیریوں کو گرفتار کر کے ٹارچر کیا ، 23ہزار سے زائد عفت مآب خواتین کی بے حرمتی کی ، بچوں کو شہید کیا ، سکولوں کو آگ لگائی ، ان تمام مظالم کے باوجود کشمیری آزادی اور پاکستان کا نعرہ لگا رہے ہیں ۔ پاکستان کی تمام سیاسی اور مذہبی جماعتیں کشمیر کے ون پوائنٹ ایجنڈے پر اتفاق کرتی ہیں ، انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا مسلم لیگ سے سیاسی اختلاف ہو سکتا ہے اور ہے لیکن کشمیر کی آزادی کے لیے ہم حکومت کے ساتھ ہیں ۔ حکومت مشاورت سے کشمیر پالیسی بنائے جس کو آئینی تحفظ حاصل ہو تا کہ وہ ریاستی پالیسی آئین کے اندر مرتب ہو سکے جس کو کوئی تبدیل نہ کر سکے ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے راجہ فاروق حیدر سے توقع ہے کہ وہ آزادخطے کو تحریک آزادی کشمیر کا بیس کیمپ بنائیں گے ، انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ آزاد کشمیر کے لیے بجٹ میں اضافہ کرے تا کہ یہ ریاست ماڈل ریاست بن سکے ۔ حکومت پاکستان ضلع راولپنڈی میں نالہ لئی پر لگانے والے بجٹ سے بھی کم بجٹ آزاد کشمیر کو دیتی ہے ، اس سے کیا تعمیر و ترقی ہوگی ۔ میں پاکستان میں کشمیریوں کا سفیراور ترجمان بن کر اپنا کردار ادا کرو ں گا ۔

مزید :

صفحہ آخر -