ڈیرہ میں خشک موسم ،کڑی خیسور میں گلے کی بیماری پھیل گئی
ڈیرہ اسماعیل خان(بیورورپورٹ)کڑی خیسور کے علاقہ میں گلے کی بیماری کی وبا پھیل گئی ۔ پندرہ روز میں دو بچے جاں بحق ہوگئے ،محکمہ صحت کی طرف سے علاقے میں بیماری سے بچاؤ کی سرگرمیاں شروع نہ ہوسکیں۔تفصیلات کے مطابق کڑی خیسور کے علاقہ میں محکمہ صحت کے غفلت کے باعث گلے کی بیماریاں بچوں میں پھیلنے لگی جس سے بچے بیمار ہوتے ہیں اور چند ہی گھنٹوں بعد فوت ہوجاتے ہیں گذشتہ روز تیسری جماعت کا طالبعلم احمد علی گلے کی بیماری میں مبتلاہوا اور ڈیرہ سے ملتان ریفر کیا گیا لیکن جانبر نہ ہوسکا اس سے قبل علاقہ کالا پانی میں بھی چودہ سالہ بچہ گلے کی بیماری کی وجہ سے جاں بحق ہوگیا ۔اسطرح علاقے میں گلے کی بیماری بڑی تیزی سے پھیل رہی ہے ۔محکمہ صحت ڈیرہ کی طرف سے اس بیماری کے تدارک کیلئے کچھ نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے علاقے میں سخت تشویش پائی جاتی ہے ۔