پختو نوں کا خطہ تاریخ کے مشکل ترین دور سے گزررہا ہے،سکندر شیر پاؤ

پختو نوں کا خطہ تاریخ کے مشکل ترین دور سے گزررہا ہے،سکندر شیر پاؤ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور( پاکستان نیوز)قومی وطن پارٹی کی صوبائی کابینہ کا اجلاس پارٹی کے صوبائی چیئرمین وسینئر صوبائی وزیربرائے آبپاشی سکندر حیات خان شیرپاؤکی زیر صدارت وطن کور میں منعقد ہوا۔اجلاس میں پارٹی کے آنے والے یوم تاسیس اور پارٹی کے تنظیمی امورکے حوالے سے تفصیلی غور و حوض کیا گیا۔اس موقع پر قومی وطن پارٹی کی صوبائی کابینہ کے عہدیدار اورتمام ونگز کے چیئرمین و آرگنائزرز بھی موجود تھے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سکندر شیرپاؤ نے پارٹی کے عہدیداروں سے کہا کہ کارکن پارٹی کی مزید ترویج اور عوام سے رابطوں کو مزید مستحکم بنانے کیلئے کمربستہ ہو جائیں اور پارٹی پیغام گھر گھر پہنچانے کا سلسلہ مزید تیز کردیں۔انھوں نے کہا کہ اس سال بھی پارٹی کے یوم تاسیس کو بھرپور انداز میں منایا جائے گا کارکن ابھی سے بھرپور تیاریاں شروع کریں۔سکندرشیرپاؤ نے کہا کہ پختونوں کا خطہ تاریخ کے مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے ایک طرف دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے ذیادہ نقصان اس خطے اور یہاں کے عوام کا ہوا تو دوسری طرف وفاقی حکومت کی طرف سے مختلف ایشوز جیسے پاک چائنا اکنامک کوریڈور اور دوسرے معاملات میں معاندانہ رویہ اختیار کیا گیا جس سے یہاں پر پائی جانے والی مایوسی میں خصوصا اضافہ ہوا ہے۔اجلاس میں ایک قرارداد کے ذریعے پاک چائنا راہداری منصوبہ کے مغربی روٹ کی تعمیر کے ساتھ ساتھ اکنامک زون،آپٹک فائبر ،پاور ٹرانسمیشن ،ایل این جی اوردوسری سہولیات کی فراہمی کواولین ترجیح دینے کا مطالبہ کیا گیااور کہا گیا کہ اگر صوبہ خیبر پختونخوا اور پختونوں کو نظرانداز کرنے کی کوشش کی گئی تو یہاں کے عوام کواس منصوبے سے کوئی دلچسپی باقی نہیں رہے گی۔ایک دوسرے قرارداد میں فاٹا کو خیبر پختونخوا کا حصہ بنانے کا مطالبہ کیا گیا اور شرکائے اجلاس نے کہا کہ قبائلی علاقوں کی تعمیر و ترقی اور قبائلی عوام کو ملک کے دوسرے شہریوں کے برابر حقوق اور سہولیات دےئے جائیں۔ایک اور قرر داد کے ذریعے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیاکہ افغان مہاجرین کو طویل مہمان نوازی کے بعد مکمل عزت و احترام کے ساتھ رخصت کرنا چاہیے تاکہ کسی قسم کی بدگمانیاں جنم نہ لے سکیں۔چوتھی قرارداد میں کہا گیا کہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان کشیدگی میں اضافہ کی وجہ سے جنگ جیساسماں بن گیا ہے حالانکہ جنگ کسی کے بھی مفاد میں نہیں ہے دونوں ممالک کو چاہیے کہ افہام و تفہیم اور بات چیت کے ذریعے معاملات کا حل ڈھونڈ نکالیں کیونکہ جنگ کی وجہ سے خطے کی معیشت پر برے اثرات پڑیں گے ساتھ ہی ساتھ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بین الاقوامی اداروں سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اپنا کردار ادا کرے تاکہ وہاں پر جاری مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سدباب ہو سکے۔ اجلاس میں اجلاس سے قومی وطن پارٹی کے صوبائی کابینہ کے اراکین اور صوبائی وزراء انیسہ زیب طاہر خیلی ایڈوکیٹ،سابقہ سینیٹر حاجی غفران،عبدالکریم خان تورڈھیر،ارشد خان عمرزئی،ہاشم بابر،طارق احمد خان،جمیل ایڈوکیٹ،نثار خان ایڈوکیٹ،نرگس ثمین،نسرین خٹک،افتخار خان زیدہ،زمین گل،ابرار سعیداورکفایت علی ایڈوکیٹ کے علاوہ قومی وطن پارٹی کے مختلف ونگز کے چیئرمین و آگنائزرڈاکٹر ثناء اللہ،ڈاکٹر عالم یوسفزئی،پرویز کے جی،ارشد خان اورامتیاز نسیم نے بھی شرکت کی۔