پنجاب بھر میں تیز بارش کا امکان،ہواؤں نے موسم کو پلٹ دیا
لاہور(کامرس رپورٹر)ملک میں بارش برسانے والی ہواوں کا نیا سلسلہ داخل ہو گیا ہے جس سے موسم میں تبدیلی متوقع ہے۔ گزشتہ روز خیبر پختونخواہ اور بالائی پنجاب سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں بارش ہوئی جس سے ان علاقوں میں نہ صرف گرمی کی شدت کم ہو گئی بلکہ حبس بھی ختم ہو گیا۔ صوبائی دارالحکومت میں گزشتہ روز دوپہر کو آسمان پر تیز ہواؤں کے ساتھ گہرے بادل چھا گئے۔ شہر کے کئی علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی جس سے موسم خوش گوار ہو گیا اور گرمی و حبس سے مرجھائے چہرے کھل اٹھے۔ رات تک ٹھنڈی ہوا چلتی رہی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں میں مالاکنڈ،ہزارہ، پشاور،مردان، کوہاٹ،بنوں،ڈی آئی خان، راولپنڈی،گوجرانوالہ،سرگودھا، لاہور،فیصل آباد، ملتان، میر پور خاص ڈویڑن، فاٹا، اسلام آباد،کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں تیز ہواؤں وآندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔گزشتہ 24گھنٹوں میں مالاکنڈ، ہزارہ، راولپنڈی ڈویڑن، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں پر گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی۔ گزشتہ روز ریکارڈ کیے گئے گرم ترین مقامات کے درجہ حرارت تربت 43، سبی 42 اور سکھرمیں41 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
موسم پلٹ گیا