کراچی کے عوام اب بھی بارود کے ڈھیر پر بیٹھے ہیں،آفاق احمد

کراچی کے عوام اب بھی بارود کے ڈھیر پر بیٹھے ہیں،آفاق احمد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر ) مہاجر قومی مومنٹ(پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد نے عزیز آباد کے علاقے سے خطرناک ہتھیاروں کی بھاری تعداد میں برآمدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے عوام جس بارود کے ڈھیر پر بیٹھے ہیں اسکا اندازہ ان ہتھیاروں سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے۔قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق میں آٹھ سو اڑتالیس ٹارگٹ کلرز سمیت چھ ہزار تین سو اکسٹھ ملزمان کی گرفتاری ،ہزاروں کی تعداد میں غیر قانونی اسلحہ کی بازیابی کی رپورٹوں کے بعد بھی اتنی بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد ہورہا ہے تو عوام کو اعداد و شمار میں الجھانے کی بجائے کراچی آپریشن کے اصل حقائق بتائے جانے چاہئے تاکہ انہیں بھی صحیح صورتحال کا اندازہ ہوسکے۔اپنے بیان میں آفاق احمد نے کہا کہ ملک بالخصوص کراچی کو لاحق خطرات کیلئے ہم بھارت سمیت دیگر ممالک کو مورد الزام ٹہراتے ہیں جبکہ کراچی کی لنکا وہ لوگ ڈھارہے ہیں جنہیں وفاقی حکومت اپنے ساتھ شامل کرنے کیلئے بے چین ہے ۔آفاق احمد نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے وہ چاہے رینجرزہویا پولیس کامیابی سے آپریشن کررہی ہیں اور عزیزآباد سے ملنے والا اسلحہ انکی ایک بڑی کامیابی ہے،آفاق احمد نے کہا کہ متحدہ ہو یا پی ایس پی دونوں ہی کراچی کو تباہ کرنے کے درپے ہیں۔غداری کے نعروں سے نمائشی علیحدگی اختیار کرنے والوں کو گلے لگاکر خطرناک روایت پروان چڑھائی جارہی ہے جس کے ذمہ دار تو حکومت اور ادارے ہیں لیکن اسکا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑے گا ۔آفاق احمد نے کہا کہ دہشت گردوں کوکلین چٹ دینے کیلئے جو سیاسی NROدیا جارہا ہے اس سے پہلے پچھلے این آر او کے نقصانات کیوں نہیں دیکھے جارہے؟ کیا حکومت اور ادارے نہیں جانتے کہ مشرف دور میں جن دہشت گردوں کو این آر او کے زریعے رہاء کیا گیا انہوں نے ہی کراچی پر قیامت ٖڈھائی تھی۔سیاسی NROنے شہر کو برباد کرنے میں دہشت کو عروج پر پہنچایا ،جرائم پیشہ افراد NROکے سہارے شہر میں کھلے عام گھومتے رہے اور آج بھی وہی NROہے اور دو خود ساختہ تنظیمیں ہیں۔آفاق احمد نے کہا کہ عزیز آباد سے خطرناک اسلحہ کی بازیابی کے بعد عوام کی آنکھیں کھل جانی چاہئے کہ اب تک جن لوگوں کو وہ اپنے ووٹ سے منتخب کرتے رہے انہوں نے شہر کا سوچنے کی بجائے انکے بچوں کو مارنے کیلئے ہتھیاروں کے ڈھیر لگائے ،ان ہتھیاروں کو دیکھنے کے بعد مہاجر وں اپنا مستقبل محفوظ بنانے کیلئے دہشت گردوں کو مسترد کرنے کا فیصلہ کرنا ہوگا اسکے علاوہ انہیں یہ بات اچھی طرح ذہن نشین کرلینی چاہئے کہ متحدہ پاکستان،لندن اور پی ایس پی ایک ہی تھالی کے چٹے بٹے ہیں جنکا ایجنڈہ ایک یعنی کراچی اور یہاں بسنے والے مہاجروں کی تباہی ہے۔