بھارت کا پاکستان کے ساتھ2ہزار 3سو کلومیٹر طویل سرحد بند کرنے کا منصوبہ

بھارت کا پاکستان کے ساتھ2ہزار 3سو کلومیٹر طویل سرحد بند کرنے کا منصوبہ
بھارت کا پاکستان کے ساتھ2ہزار 3سو کلومیٹر طویل سرحد بند کرنے کا منصوبہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) سفارتی اور سیاسی محاذ پر منہ کی کھانے کے بعد بھارت نے نئے اوچھے ہتھکنڈوں پر عمل درآمد کی منصوبہ بند ی کرلی، بھارتی اخبار”اکنامک ٹائمز“ کے مطابق بھارت نے پاکستان کے ساتھ تئیس سو کلو میٹر طویل سرحد بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔بین الاقوامی سرحد پر بارڈر سیکورٹی فورسز اور لائن آف کنٹرول پر فوج اس منصوبے پر عمل کرے گی۔ صرف ایک یا دو پوائنٹس ہوں گے جہاں دستاویزی ثبوت اور سخت چیکنگ کے بعد نقل و حمل کی اجازت ہوگی۔ اخبار کے مطابق جمعے کے روز جیسلمیر میں ہونے والے بند کمرہ اجلاس میں منصوبے کو حتمی شکل دی جائے گی ۔

اجلاس میں بھارتی کے مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ ، پنجاب، راجستھان اور گجرات کے وزرائے داخلہ شرکت کریں گے۔بھارتی منصوبے کے تحت تئیس سو کلومیٹر طویل سرحد پر صرف ایک یا دو چوکیوں پر دستاویزی ثبوت اور تلاشی کے بعد سامان، ٹریفک اور لوگوں کی نقل و حرکت کی اجازت ہوگی۔واہگہ اٹاری انٹیگریٹڈ چیک پوسٹ مرکزی راستہ ہوگا، دیگر راستوں کو بند کرکے سامان اور لوگوں کی نقل و حمل کےلئے ایک سے دو راستوں تک محدود کیا جائے گا۔

اخبار نے وزارت داخلہ کے ایک سینیئر اہلکار کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ اقدام پاکستان کے ساتھ کشیدگی کے بڑھنے کے بعد اٹھایا گیا ہے۔بھارت کی مرکزی حکومت بین الاقوامی سرحد پرراڈارز، سی سی ٹی وی کیمرے، لیزر باڑ اور موشن سینسر کی تنصیب کا ارادہ بھی رکھتی ہے۔جیسلمیر میں ہونے والے بند کمرہ اجلاس میں وزارت داخلہ کے سرحدی مینجمنٹ ڈویژن اور بی ایس ایف کے اعلیٰ حکام کی شرکت بھی متوقع ہے۔