ڈرائی پورٹ ٹرسٹ کے نئے ٹرمینل کا افتتاح 8اکتوبر کو ہوگا

ڈرائی پورٹ ٹرسٹ کے نئے ٹرمینل کا افتتاح 8اکتوبر کو ہوگا

ملتان(اے پی پی )کلکٹر کسٹم ملتان اور چیئرمین ملتان ڈرائی پورٹ ٹرسٹ کے چیئرمین خواجہ محمد فاضل کی متفقہ کاوشوں کے نیتجے میں ملتان ڈرائی پورٹ کے نئے ایکسپورٹ ٹرمینل صادق آباد کاافتتاح 8 اکتوبرکوہوگا جس کے بعد ایکسپورٹ ٹرمینل صادق آباد سے باقاعدہ ایکسپورٹ کنٹینرز کی ہینڈلنگ کا آغاز کردیا جائیگا، ممبر کسٹم ایف بی آر اسلام آباد محمد زاہد کھوکھر نئے ایکسپورٹ ٹرمینل کا افتتاح کریں گے، ملتان ڈرائی پورٹ ٹرسٹ کے جنرل مینیجر لیفٹیننٹ کرنل(ر) محمد اویس بٹ نے بتایا کہ صادق آباد ٹرمینل کا قیام کلکٹر کسٹم ملتان اور چیئرمین ملتان ڈرائی پورٹ ٹرسٹ خواجہ محمد فاضل کی انتھک محنت اور کاوشوں کا ہی ثمر ہے، صادق آباد ٹرمینل کمالیہ، بھائی پھیرو، چھانگا مانگا، پتوکی، رینالہ خورد، اوکاڑہ، ساہیوال، میاں چنوں، خانیوال، ٹبہ سلطان پور، بوریوالا، بستی ملوک، مظفرگڑھ، لیہ، ڈی جی خان ، بہاولپور، رحیم یارخان اور ملتان ریجن کے صنعتکار کیلئے خوشی کی نوید اور مسائل سے چھٹکارے کیلئے امید کی کرن ثابت ہوگا، انہوں نے مزید کہا کہ نئے ٹرمینل کے افتتاح کے بعد جنوبی پنجاب کی صنعت اور تجارت میں خوشحال کی راہیں کھل سکیں گی۔

اور حکومت پاکستان کو ریوینیو کی شکل میں کثیر آمدنی کا فائدہ ہوگا، خاص طور پر سی پیک موٹروے کے نزدیک نئی انڈسٹری کی وجہ سے بزنس موومنٹ جس کا مرکزی جال صادق آباد پر ہی مرتب ہوگا اس سے بہت زیادہ بزنس ہونے پر ایکسپورٹرز کنٹینرز کی بیرون ملک ترسیل کرنے کیلئے صادق آبادایکسپورٹ ٹرمینل سے بھرپور فائدہ اٹھاپائیں گے، اس سے نہ صرف وقت کی بچت ہوگی بلکہ ایکسپورٹ کنٹینرز کی کراچی پورٹس کیلئے پرائیویٹ ٹرانسپورٹ کے کرائے میں کمی کے ساتھ کراچی پورٹس پر وصول کئے جانے والے وارفیج اور دیگر غیرضروری اخراجات میں بھی واضح کمی واقع ہوگی، یاد رہے کہ اس نئے ایکسپورٹ ٹرمینل صادق آباد سے کنٹینرز کی بیرون ملک ترسیل WeBOCسسٹم کے تحت ہوگی۔

مزید : کامرس