معیشت کو پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے،چیئرمین اپٹما

معیشت کو پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے،چیئرمین ...

فیصل آباد(آن لائن )آل پاکستان ٹیکسٹائل پروسیسنگ ملز ایسو سی ایشن ( اپٹپما ) کے چیئرمین رضوان اشرف نے کہاہے کہ تباہ حال معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لئے انقلابی اقدامات جنگی بنیادوں پر کر کے ہی معاشی مسائل سے نمٹا جا سکتا ہے۔ حکومت کو چائیے کہ وہ مستقبل کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے ایسی پالیسیاں تشکیل دے جن کے ذریعے پاکستان کی صنعتیں ترقی کریں اور عوام خوشحالی سے آشنا ہو سکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام وہ منصوبے جن کی تعلق ملکی مفاد سے ہے ان کی تکمیل میں کسی رکاوٹ سے گریز کرتے ہوئے حکومت ان کو تیزی کے ساتھ مکمل کرکے کریڈٹ حاصل کر سکتی ہے۔ گزشتہ چند برسوں سے ہماری صنعتیں بالخصوص ٹیکسٹائل کی صنعت جن بحرانوں کا شکار رہی ایسے میں صنعتکاروں نے ایک نئے جذبے کے تحت موجودہ حکمرانوں کو یہ موقع فراہم کیا کہ وہ سیاسی مصلحتوں کی بجائے بلا تفریق ایسے اقدامات کریں گے جو ملکی معشیت کو پٹری پر ڈال دیں جو تقریباً دس سال سے تنزلی کاشکار تھی۔ رضوان اشرف نے کہا کہ صنعتکار ہمیشہ کی طرح آج بھی حب الوطنی کے جذبے کے تحت مسائل اور مشکلات کا مقابلہ کر رہے ہیں اور انہوں نے موجودہ حکومت سے بے پناہ اُمیدیں وابستہ کر رکھی ہیں کیونکہ صنعتی پہیہ رواں رہنے سے ہی بے روزگاری کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے ۔

مزید : کامرس