انار کلی پارکنگ پلازہ کی تعمیر کیلئے فنڈز مختص کئے جائیں‘ انجمن تاجران

انار کلی پارکنگ پلازہ کی تعمیر کیلئے فنڈز مختص کئے جائیں‘ انجمن تاجران

لاہور(کامرس ڈیسک)آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ حکومت پالیسیوں کی تشکیل میں عجلت سے کام لینے کی بجائے مشاورت کا عمل شروع کرے ،تجاوزات کیخلاف آپریشن اورٹیکسیشن کے نظام میں بہتری کیلئے بڑے شہروں میں کانفرنسز کاانعقاد کر کے تجاویز حاصل کی جائیں،موجودہ حالات میں انار کلی کیلئے پارکنگ پلازہ کی تعمیر انتہائی ضروری ہو چکی ہے ۔ ان خیالات کا اظہارا نہوں نے اپنے دفتر میں ملاقات کیلئے آنے والے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اشرف بھٹی نے کہاکہ تجاوزات کیخلاف آپریشن میں انتظامیہ سے بھرپور تعاون کیا گیا لیکن اس کے باوجود جائز تعمیرات کو بھی نقصان پہنچایا گیا جس سے تاجروں کا کروڑوں روپے کانقصان ہوا ۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت پالیسیوں کی تشکیل اور کسی بھی طرح کے اقدام سے قبل مشاورت سے کام لے ۔ انہوں نے کہا کہ تاجر طبقہ حکومت سے ہر طرح کے تعاون کے لئے تیار ہے لیکن دوسری جانب سے بھی اعتماد میں لیا جانا چاہیے ۔ حکومت کو آئے دو ماہ کا عرصہ گزر گیا ہے لیکن ابھی تک متعلقہ وزراء کی جانب سے تاجروں کی کسی تنظیم یا ایسوسی ایشن سے رابطہ نہیں کیا گیا ۔ حکومت حالات کی بہتری کے لئے روابط کو فروغ دے اور اس کیلئے لاہور ، کراچی ،پشاور اور کوئٹہ سمیت بڑے شہروں میں کانفرنسز کا انعقاد کر کے تجاویز حاصل کی جائیں

اشرف بھٹی نے کہا کہ انار کلی میں پارکنگ پلازے کی تعمیر کیلئے کئی سالوں سے مطالبہ کر رہے ہیں ۔اگرحکومت نے رواں ماہ پیش کئے جانے والے بجٹ میں مطلوبہ فنڈز مختص نہ کئے تو تاجروں کی جانب سے بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔

مزید : کامرس