چیئرمین واپڈاکا جنوبی وزیرستان میں گومل زام ڈیم کا دورہ

چیئرمین واپڈاکا جنوبی وزیرستان میں گومل زام ڈیم کا دورہ

لاہور(کامرس ڈیسک)چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین (ریٹائرڈ) نے خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان میں واقع گومل زام ڈیم کا دورہ کیا ۔اس دوران چیئرمین واپڈا نے ڈیم کے مختلف حصوں اور ہائیڈل پاور سٹیشن کا تفصیلی معائنہ کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کہا کہ واپڈا کے منصوبے ملک کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں کی معاشی اور معاشرتی ترقی میں اہم کردار ادا کرر ہے ہیں ۔یہ منصوبے آبپاش زراعت کے لئے پانی کی دستیابی اور قومی نظام میں سستی پن بجلی شامل کرکے ملکی معیشت کوبھی مستحکم کرر ہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گومل زام ڈیم 2013ء میں اپنی تکمیل کے بعد زرعی شعبے کی ترقی کے ذریعے علاقہ سے غربت کے خاتمہ میں مددگار ثابت ہو رہا ہے ۔ اس طرح شمالی وزیرستان میں زیر تعمیر کرم تنگی ڈیم منصوبہ بھی مقامی آبادی کی ترقی اور خوشحالی کا ایک اہم ذریعہ بنے گا۔چیئرمین واپڈا کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ گومل زام ڈیم کثیر المقاصدمنصوبہ ہے جس کے اہم اہداف زراعت کے لئے پانی کی دستیابی ، سیلاب کی روک تھام اور سستی پن بجلی کا حصول ہیں۔ گومل زام ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی مجموعی صلاحیت ایک اعشاریہ 14ملین ایکڑ فٹ ہے جس سے ایک لاکھ 63ہزار ایکڑ زمین سیراب کی جاسکتی ہے۔منصوبے سے بجلی کی پیداواری صلاحیت 17 میگاواٹ ہے۔بعدازاں چیئرمین واپڈا نے خیبر پختونخوا میں ٹانک سے 50کلومیٹر کے فاصلہ پرہنس تنگی کے مقام پر واقع ٹانک زام ڈیم سائٹ کا بھی دورہ کیا۔ واپڈا ٹانک زام ڈیم کی فزیبلٹی سٹڈی مکمل کرچکا ہے ،جبکہ تفصیلی انجینئر نگ ڈیزائن مکمل ہونے کے بعد جلد منصوبے پر تعمیراتی کام کا آغاز ہوگا۔ ٹانک زام ڈیم میں تین لاکھ 45ہزار ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ ہوگا جس سے 55ہزار 500ایکڑ زمین زیرِ کاشت آئے گی۔ منصوبے سے25میگاواٹ بجلی بھی پیدا ہوگی۔

مزید : کامرس