لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کے اساتذہ میں 24لاکھ کے نقدا انعامات تقسیم
لاہور( لیڈی رپورٹر) لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں بہترین تحقیق پر اساتذہ میں24لاکھ روپے کے کیش ایوارڈز تقسیم کردیئے گئے۔ اس مقصد کیلئے تقریب پذیرائی یونیورسٹی سنڈیکیٹ ہال میں ہوئی ۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فرخندہ منظور نے صدارت کی اور معیاری تحقیق کی بنیاد پر 89نامزد فیکلٹی ممبرز میں کیش اور تعریفی اسناد تقسیم کیں۔اس موقع پر ڈائریکٹر ریسرچ پروفیسر ڈاکٹرشگفتہ ناز بھی موجود تھیں۔انہوں نے بتایا کہ کیش اور سرٹیفکیٹ دینے کا مقصد اساتذہ میں معیاری تحقیق کے لئے مسابقت پیدا کرنا ہے۔
تحقیق کے معیار اورریسرچ پیپرز کی تعداد کی بنیاد پر بلا امتیازفیکلٹی ممبرز کو انعامات اور ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ماضی کے مقابلے میں حالیہ تقریب کیلئے اساتذہ کی زیادہ تعداد کو نامزد کیا گیا ہے اور کیش پرائز کی مقدار میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فرخندہ منظور نے کیش ایوارڈز تعریفی اسناد حاصل کرنے والے فیکلٹی ممبرز کو مبارکباد دی۔