اساتذہ کا ہماری زندگیوں میں اہم ترین کردار ہے،ڈاکٹر رؤف اعظم

اساتذہ کا ہماری زندگیوں میں اہم ترین کردار ہے،ڈاکٹر رؤف اعظم

لاہور ( ایجوکیشن رپورٹر ) عالمی یوم اساتذہ کے موقع پر یونیورسٹی آف ایجوکیشن مین کیمپس ٹاؤن شپ، لاہور میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایجوکیشن پروفیسر ڈاکٹر رؤفِ اعظم، چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر نظام الدین، وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی پشاور ڈاکٹر حبیب خان اور وفاقی ہائرایجوکیشن کمیشن کے ڈائریکٹر جنرل فرمان اللہ نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ یونیورسٹی کے اساتذہ کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر رؤفِ اعظم نے کہا کہ اساتذہ کا ہماری زندگیوں میں اہم ترین کردار ہے، یہ اساتذہ ہی ہیں جو ہمیں تعلیم کے ذریعے شعور و آگہی دیتے ہیں، ہمیں زندگی کے نامساعد حالات کے باوجود جینے کا ڈھنگ سکھاتے ہیں، ہم اپنے اساتذہ کی مدد کے بغیر اپنی منزل کا نہ تو تعین کر سکتے ہیں اور نہ ہی منزل کو حاصل کر سکتے ہیں۔

ڈاکٹر رؤفِ اعظم نے مزید کہا کہ اساتذہ حقیقی معنوں میں قوم کے معمار ہیں، اساتذہ طلباء کو اپنے حقیقی بچوں کی مانند زیور تعلیم سے آراستہ کرتے ہیں، ان کی تربیت کرتے ہیں تاکہ وہ دنیا میں اعلی مقام حاصل کر سکیں۔ وائس چانسلر نے اس موقع پر موجود یونیورسٹی سے ریٹائرڈ سینئر اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ جیسے سینئر اساتذہ کی اس تقریب میں موجودگی ہمارے لئے باعث صد افتخار ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر نظام الدین نے کہا کہ اساتذہ بچوں کے لئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں، پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن اپنے اساتذہ کے مسائل کے حل کے لئے مسلسل کوشاں ہے۔ وفاقی ہائرایجوکیشن کمیشن کے ڈائریکٹر جنرل فرمان اللہ نے کہا کہ آج کا دن ہمیں یہ موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم اپنے اساتذہ کو ان کی خدمات کے صلہ میں خراج تحسین پیش کر سکیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1