جنوبی پنجاب کی ترقی ، تعلیم کا فروغ حکومت کی ترجیحات ہیں : چوہدری محمد سرور

جنوبی پنجاب کی ترقی ، تعلیم کا فروغ حکومت کی ترجیحات ہیں : چوہدری محمد سرور

بہاول پور(بیورورپورٹ،ڈسٹرکٹ رپورٹر) گورنر پنجاب و چانسلر چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کی ترقی خاص طور پر تعلیم کا فروغ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ گورنر نے اس بات کا اظہار پروفیسر ڈاکٹر قیصر مشتاق وائس چانسلر سے گورنر ہاؤس میں ایک ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی جامعات کا خطے کی سماجی اور معاشی ترقی میں اہم کردار ہے ۔ (بقیہ نمبر46صفحہ7پر )

تدریس و تحقیق کا اعلیٰ معیار دراصل ہماری خوشحالی اور عالمی سطح پر باوقار مقام کے لیے نہایت ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اعلیٰ تعلیمی اداروں کے لیے وسائل کی فراہمی کے ساتھ ان کی بہترین کارکردگی کی بھی خواہاں ہے ۔ ہمارے اساتذہ ، محققین اور طلباء وطالبات میں خداداد صلاحتیں موجود ہیں اور وہ اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لا کر نہ صرف اپنے لیے نئے مواقع تلاش کرسکتے ہیں بلکہ وطن عزیز کا نام بھی دنیا بھر میں روشن کرسکتے ہیں ۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے گورنرکو اسلامیہ یونیورسٹی میں جاری تدریسی، تحقیقی اور ترقیاتی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی میں گزشتہ چار برسوں میں کثیر الجہتی اور جامعہ منصوبہ بندی کے تحت ہرشعبے میں اصلاحات نافذ کی گئیں۔ یونیورسٹی کے تمام ترمعاملات کو قواعد و ضوابط کے مطابق چلانے کے لیے اقدامات کیے گئے۔ یونیورسٹی کے اہم ترین فورم سینٹ، سینڈیکٹ اور اکیڈمک کونسل کوفعال بنایا گیا اور ان کے باقاعدہ اجلاس بلائے گئے تاکہ ادارہ جاتی فیصلہ سازی کے نفاذ کو یقینی بنایا جاسکے جس کا ماضی میں فقدان تھا۔ تدریس و تحقیقی کے معیار میں اضافے کے لیے 237اساتذہ کا تقرر کیا گیاجن کی اکثریت پی ایچ ڈی کی حامل ہے ۔ اکیڈمک کیلنڈر کے نفاذ سے تعلیمی سرگرمیوں میں ربط پیدا ہوا ، اور 2015سے جامعہ میں داخلوں کے رحجان میں نمایاں اضافے کے باعث طلبہ وطالبات کی تعداد مسلسل بڑھتی چلی گئی ۔ ان اقدمات کی وجہ سے جامعہ اسلامیہ نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں کا گہوارہ بن گئی ۔ اسی طرح انتظامی شعبے میں بھی پیشہ ور افراد کے تقرر سے ان تمام شعبہ جات کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ۔ مالیاتی شعبے میں نظم وضبط سے 343ملین خسارے کے بجٹ کو اب 171ملین کے اضافی بجٹ میں تبدیل کردیا گیا ہے جبکہ ترقیاتی بجٹ بھی گزشتہ 12برس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ترقیاتی منصوبوں کی تیز رفتار تکمیل اور تعمیراتی معیار کی بہتری کی بدولت نہ صرف پرانے منصوبے جیسے بہاولنگر ، رحیم یار خان کیمپسسزکی عمارات اور زرعی کالج مکمل ہوئے ، فیکلٹی آف ایجوکیشن کی تعمیر ہوئی جبکہ چار نئے ہاسٹل اور فیکلٹی آف مینجمنٹ سائنسزبھی پایہ تکمیل کوہیں ۔ گورنر پنجاب نے اس موقع پر وائس چانسلر کی جانب سے اٹھائے گئے تمام تر اقدامات خصوصاََانتظامی اور تعلیمی امور میں بہتری ، میرٹ و شفافیت ،مالیاتی بدعنوانی کی روک تھام ،ہر سطح پر جوابدہی اور نظم وضبط کے فروغ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ وہ جلد بہاول پور کا دورہ کرکے یونیورسٹی میں جاری تعلیمی سرگرمیوں اور ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیں گے ۔

گورنر

مزید : ملتان صفحہ آخر