افغان فورسز کی بارات پر بمباری ، بارودی سرنگ پھٹنے سے 5شہری جاں بحق ، جھڑپ میں 10طالبان بھی ہلاک

افغان فورسز کی بارات پر بمباری ، بارودی سرنگ پھٹنے سے 5شہری جاں بحق ، جھڑپ میں ...

کابل(این این آئی) افغانستان کے صوبہ قندہار میں افغان فورسز کی بارات پربمباری اور سڑک کنارے بارودی سرنگ پھٹنے کے نتیجے میں کم از کم پانچ خواتین سمیت 6افغان شہری جاں بحق اور 24 دیگر شدید زخمی ہوگئے جبکہ پولیس نے 10 طالبان کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ سرحدپار سے موصولہ اطلاعات کے مطابق جمعرات کی شب افغان فورسز نے صوبہ قندہار کے ضلع معروف کے گاؤں ابوقلعہ میں شادی کی بارات پر بمباری کی جس کی زدمیں آکر تین خواتین اور بچہ جاں بحق جبکہ آٹھ دیگرخواتین شدید زخمی ہوگئیں۔صوبائی پولیس سربراہ جنرل عبدالرازق نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ طالبان نے ضلع معروف کے گاؤں اسحاق زئی اور خوگیانی میں پولیس چیک پوسٹوں پر حملہ کیا جس کے بعد طالبان شادی کی بارات کی گاڑیوں کے قافلے میں شامل ہوگئے۔ پولیس سربراہ کے مطابق افغان فورسز نے طالبان کے خلاف فضائی کاروائی کرتے ہوئے بمباری کی جس کے نتیجے میں افغان شہری ہلاک و زخمی ہوگئے تاہم جنرل عبدالرزاق نے دعویٰ کیا ہے کہ افغان فورسز نے دس طالبان کو ہلاک کردیا ہے جبکہ طالبان نے اس بارے میں کوئی ردعمل ظاہرنہیں کیاہے۔ ادھر صوبہ قندہار کے ضلع زیری میں سڑک کنارے بم پھٹنے کے نتیجے میں دو جواں سال لڑکیاں ہلاک جبکہ 16 دیگر افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ اْسوقت پیش آیا جب ایک مسافرگاڑی سڑک کنارے نصب بارودی مواد سے جاٹکرائی۔

افغانستان

مزید : علاقائی