شہباز شریف کی گرفتاری ، پی ٹی آئی حکومت بد ترین انتقام کی ذمہ دار: نواز شریف ،نیب اور نیازی گٹھ جوڑ سامنے آگیا : حمزہ

شہباز شریف کی گرفتاری ، پی ٹی آئی حکومت بد ترین انتقام کی ذمہ دار: نواز شریف ...

لاہور (جنرل رپورٹر،این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ شہباز شریف کی گرفتاری نہ صرف افسوسناک بلکہ مضحکہ خیز ہے،وزیر اعلی پنجاب کے طور پر شہباز شریف نے خدمت، امانت و دیانت کی شاندار مثال قائم کی اورسب جانتے ہیں کہ پی ٹی آئی حکومت اس بدترین انتقام کی ذمہ دار ہے۔مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب کے مطابق نواز شریف نے شہباز شریف کی گرفتاری پر اپنے رد عمل میں کہا کہ پاکستان کے عوام، غیر ملکی حکومتوں اور عالمی اداروں نے شہباز شریف کی خدمات کا اعتراف کیا۔آج جو سلوک مخالفین کے ساتھ روا رکھا جائے گا کل اس کے لئے انہیں بھی تیار رہنا چاہیے اوریہی نظام قدرت ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی نااہلی کا ملبہ شہباز شریف پر نہ ڈالے۔مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈ ر محمد شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز نے نیب کی جانب سے شہباز شریف کی گرفتاری کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ والد کی گرفتاری نیب، نیازی گٹھ جوڑ کا نتیجہ ہے،ہر الیکشن سے قبل مسلم لیگ (ن) کے ہی لوگوں کو گرفتار کیا جاتا ہے، حکومت میں بیٹھے لوگ جو ابھی کنٹینر کلچر سے باہر نکلے انکی زبان میں گفتگو نہیں کروں گا، چوہدری لطیف اصل مجرم ہے نیب سے پلی بارگین جان چھڑائی اور اینٹی کرپشن کیسز میں مفرور ہے اسکو پشاور میٹرو بس کا ٹھیکہ نیازی صاحب نے دے دیا، نندی پور منصوبے میں اربوں روپے خرد برد ہے اسکے خلاف انکوائری کی جائے۔ آج تک کسی کو جرات نہیں ہوئی کہ بابر اعوان کو کوئی گرفتار کرسکے، دھاندلی میرے سینے پر زخم نہیں بلکہ جمہوریت کے سینے پر زخم ہے، دھاندلی کا زخم مٹانہیں کہ آ پ نے دھونس بھی جمانا شروع کردی، ہم نے اپوزیشن ، مارشل لاء اور جیلیں بھی دیکھیں لیکن مجھے فخر ہے کہ میں شہبا ز شریف کا بیٹا ہوں اور نواز شریف کا بھتیجا ہوں ، عمران خان کو ضمنی الیکشن میں بھی مسلم لیگ (ن) سے ڈر لگتا ہے، پی ٹی آئی ابھی تک خوفزدہ ہے۔ وہ جمعہ کو لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔

حمزہ شہباز

لاہور ، اسلام آباد(جنرل رپورٹر ،نیوزایجنسیاں)مسلم لیگ (ن) نے پارٹی صدر واپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی محمد شہباز شریف کو نیب کی جانب سے گرفتار کئے جانے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی کی اجازت کے بغیر قائد حزب اختلاف کی گرفتاری خلاف قانون ہے،شہباز شریف نے اپنی زندگی قوم کی ترقی اور خوشحالی کے لئے وقف کی، عوامی خدمت گاروں کو محض سیاسی مخالف ہونے پر عبرت کا نشان بنانے کی روش پہلے بھی ملک و قوم کا نقصان کرچکی ہے،مسلم لیگ (ن) کیلئے یہ ہتھکنڈے نئے نہیں،آمر مشرف کا دور جبروستم مسلم لیگ (ن) کی قیادت، کارکنوں اور حامیوں نے جرات، و بہادری اور دلیری سے گزارا ہے، ضمنی الیکشن کے موقع پر گرفتاری سے ثابت ہوگیا حکومت مسلم لیگ (ن) سے کتنی خوفزدہ ہے، تمام صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں ،قائدین کی مشاورت کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیاجائے گا۔پارٹی صدر واپوزیشن لیڈر محمد شہباز شریف کی گرفتاری پر مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ہوئے کہا ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی کی اجازت کے بغیر قائد حزب اختلاف کی گرفتاری خلاف قانون ہے۔پارلیمانی پارٹی نے کہا ہے کہ عوامی خدمت گاروں کو محض سیاسی مخالف ہونے پر عبرت کا نشان بنانے کی روش پہلے بھی ملک و قوم کا نقصان کرچکی ہے۔چین، ترکی سمیت جس کو ساری دنیا نے شاباش دی، اس کی مثال دی، نیب نے اسے گرفتار کرلیا ہے ۔مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سیاسی مخالف کوعبرت کا نشان بنانے کی روش قوم کا نقصان کرچکی ، حکومت ڈرامے کر کے اپنی ملک دشمن کارکردگی سے عوام کی نظریں نہیں ہٹا سکتی، فواد چوہدری قوم کو یہ بھی بتاتے کہ شہباز شریف نے کبھی سرکاری رہائش گاہ یا ملٹری سیکرٹری کا گھر استعمال نہیں کیا، شہباز شریف کینسر میں مبتلا رہے لیکن علاج سرکاری خرچے پر نہیں کروایا،فواد چوہدری ذاتی کاموں کیلئے عمران خان کے خیبرپختونخوا کا سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کرنے پر جواب دیں۔ جمعہ کو مریم اورنگزیب نے کہا کہ شہبازشریف کے زیراستعمال پنجاب حکومت کا جہاز سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ناقابلِ پرواز قرار دیا تھا، لیکن استحقاق کے باوجود سابق وزیراعلی پنجاب نے 4 ارب روپے مالیت کا نیا ہیلی کاپٹر نہ خریدا اور قومی بچت کی خاطر زندگی کا خطرہ مول لے کر ناکارہ ہیلی کاپٹر استعمال کرتے رہے، یہ جہاز بعد میں گر کر تباہ بھی ہوگیا تھا۔دریں اثناء گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے رہنماء ملک محمد احمد خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے وفاق سے لئے گئے جہاز کا خرچ جیب سے ادا کیا، حکومت کو چیلنج کرتے ہیں 35کروڑ کا الزام ثابت کرے،35کروڑ والی بات پی ٹی آئی حکومت کے گلے کا پھندا ہے، نواز شریف کی حکومت میں بھی بہت سی گاڑیاں نیلام کی گئی تھیں۔

مسلم لیگ (ن)

لاہور،رائیونڈ (جنرل رپورٹر،این این آئی)مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے سابق وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کی گرفتاری کیخلاف نیب کے دفتر کے باہر اور شہر کے دیگر مقامات پر شدید احتجاج کیا ، کارکنوں نے ٹائر جلا کر سڑکیں بلا کر کر دیں جبکہ اس موقع پر ظلم کے ضابطے ہم نہیں مانتے ، غنڈہ گردی بند کرو، میاں تیرے جانثار بے شمار بے شمار ، شیر شیر کے نعرے لگاتے رہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی گرفتاری کی اطلاع ملتے ہی بڑی تعداد میں کارکن ٹھوکر نیاز بیگ پر واقع نیب کے دفتر کے باہر پہنچ گئے اور قیادت سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے نعرے لگائے ۔ کارکنوں نے میاں تیرے جانثار بے شمار بے شمار، ظلم کے ضابطے ہم نہیں مانتے ، غنڈہ گردی بند کرو اور شیر شیر کے نعرے لگاتے رہے ۔ اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری بھی نیب کے مرکزی درواز ے اور اطراف میں تعینات رہی تاہم کارکنوں کے احتجاج کو روکنے کیلئے کسی طرح کی مداخلت نہ کی گئی ۔کارکنوں نے ٹھوکر نیاز بیگ پر سڑک بلاک کر کے احتجاج کیا اور شدید نعرے بازی کی ۔ رکن اسمبلی سمیع اللہ خان اور غزالی سلیم بٹ کی قیادت میں کارکنوں کی بڑی تعداد نے شہباز شریف کی گرفتاری کے خلاف شاہدرہ موڑ پر بھی احتجاج کرتے ہوئے ٹائر جلا کر سڑک بلاک کر دی اور نعرے بازی کی ۔ بھاٹی گیٹ چوک میں بھی لیگی کارکنوں نے ٹائر جلا کر سڑک بلاک کر دی اوریا اللہ یا رسول ،شہباز بے قصور ،ظلم کے ضابطے ہم نہیں مانتے ، غنڈہ گردی بند کرو، میاں تیرے جانثار بے شمار بے شمار ، شیر شیر کے نعرے لگائے ۔ حلقہ این اے 124کی ضمنی انتخابی مہم میں مصروف کارکنوں نے بھی شہباز شریف کی گرفتاری کے خلاف نعرے لگائے ۔لیگی کارکنوں نے بھاٹی گیٹ، اقبال ٹاؤن، ریگل چوک، کاپر سٹور،اچھرہ موڑ ،کاہنہ چونگی امرسدھو اور دھرم پورہ سمیت دیگر مقامات پر احتجاج کیا ۔ اس موقع پر کارکنوں نے نواز شریف اور شہباز شریف کے حق میں نعرے لگائے ۔سابق وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی گرفتاری کے خلاف ممبر صوبائی اسمبلی مرزا جاوید کی قیادت میں رائے ونڈ میں احتجاجی مظاہرہ کیا ۔سینکڑوں کارکن سڑکوں پر نکل آئے مال روڈ، شاہدرہ چوک، بھاٹی چوک ،گڑھی شاہو سمیت درجنوں علاقوں میں کارکنوں نے ٹائر جلا کر ٹریفک بند کردی گذشتہ شام کارکن مختلف علاقوں میں جمع ہوگئے البتہ انھوں نے مختلف شاہراؤں ، چوکوں میں دھرنے دیے ٹریفک بلاک کی اور نعرے بازی کی اور پنجاب حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔مظاہروں میں خواتین کی بڑی تعداد شریک ہوئی جنھوں نے سڑکوں پر بیٹھ کر سینہ کوبی کی اور شہباز شریف کی گرفتاری کو سیاسی انتقام قرار دیا۔مظاہرین سے میئر لاہور کرنل مبشر جاوید رکن قومی اسمبلی وحید عالم خان نے خطاب کرتے ہوے کہا کہ حکومت نے ضمنی انتخابات میں اپنی ناکامی کو دیکھتے ہوئے شہباز شریف کو گرفتار کروایا انھوں نے کہا کہ یہ ظلم کے ضابطے ہم نہیں مانتے ۔

لیگی احتجاج

مزید : صفحہ اول