طاقتور قبضہ مافیا کیخلاف آپریشن جاری رہیگا ، عام آدمی کو تنگ کرنیوالوں سے باز پرس ہو گی : عثمان بزدار

طاقتور قبضہ مافیا کیخلاف آپریشن جاری رہیگا ، عام آدمی کو تنگ کرنیوالوں سے ...

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے تجاوزات اور قبضہ مافیا کے خلاف مہم میں غریب اورعام آدمی کے خلاف کارروائی کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی ہیں کہ اس مہم میں عام آدمی ،ریڑھی بان اور محنت کشوں کو تنگ نہ کیا جائے جبکہ تجاوزات اور قبضہ مافیا کے خلاف مہم میں طاقتور اوربااثر افراد کیخلاف موثر کارروائی پوری قوت سے جاری رکھی جائے ۔انہوں نے کہا کہ تجاوزات کیخلاف مہم میں محنت کشوں اور غریب عوام سے ان کے روزگار کے مواقع چھیننا ہرگزمقصد نہیں بلکہ مہم کا مقصد بااثر افراد سے قیمتی اراضی واگزار کرانا ہے لہٰذا عام آدمی کے خلاف کوئی کارروائی ہوئی تو متعلقہ ا فسروں سے باز پرس ہوگی۔دریں اثناء وزیراعلیٰ نے پرائیویٹ ہسپتالوں اورکالجزکے امور کا جائزہ لینے کیلئے ٹاسک فورس بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹاسک فورس پرائیویٹ ہسپتالوں میں فیس سٹرکچر،طبی سہولتوں کی فراہمی اور ڈاکٹروں کی بھرتی کے طریقہ کار کا جائزہ لے گی۔وزیراعلیٰ نے پرائیویٹ میڈیکل کالجز میں داخلے ،فیس،ڈاکٹروں کی بھرتی اورسہولتوں پربھی تفصیلی بریفنگ طلب کرلی ۔وزیراعلیٰ نے پرائیویٹ سکولوں کے حوالے سے بھی ٹاسک فورس کے قیام کی ہدایت کی ہے ۔یہ ٹاسک فورس پرائیویٹ سکولوں میں اساتذہ اورسٹاف کی بھرتی اوران کی اہلیت جانچنے کے طریقہ کار،فیس سٹرکچراوردیگرامور کا جائزہ لے گی۔وزیراعلیٰ ٹاسک فورس پرائیویٹ سکولوں کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ اوربہتری کیلئے خصوصی تجاویز پیش کرے گی۔وزیراعلیٰ نے میڈیکل کالجزاورانجینئرنگ یونیورسٹیز میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ طلب کر لی۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پنجاب میں میرٹ پر آنے والے طلبہ کو ان کا حق دیں گے اورہونہار طلبہ کی حق تلفی برداشت نہیں کی جائے گی۔دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب سے صوبائی وزیراوقاف و مذہبی امورپیرسیدسعیدالحسن شاہ نے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ نئے پاکستان میں انتہاء پسندی کے خاتمے کیلئے سب مل کر آگے بڑھ رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ مذہبی ہم آہنگی اوربھائی چارے کا فروغ ملک کی یکجہتی کیلئے ضروری ہے اورتحمل ،برداشت اوررواداری کے سنہری اصولوں پر چل کرہی پائیدارا من کی کاوشوں کو کا میاب بنایا جاسکتا ہے۔علاوہ ازیں ڈیرہ غازی خان ڈویژن سے تعلق رکھنے والے عمائدین کے وفود سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ پنجاب کے پسماندہ علاقوں کے عوام کے حالات بدلنے کا وعدہ پورا کریں گے، جنوبی پنجاب کو انتظامی بنیادوں پر صوبہ بنانے کیلئے کمیٹی کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کلین اور گرین پنجاب پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا انقلابی پروگرام ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ملک کو لوٹنے والے عناصرپی ٹی آئی کی حکومت سے خوفزدہ ہیں لیکن ہم نے ملک کوکرپشن سے پاک کرنا ہے اور یہی وجہ ہے کہ پنجاب میں ہر سطح پر میرٹ اورشفافیت کو فروغ دیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب

مزید : صفحہ اول