ایشیائی ترقیاتی بینک کیساتھ شراکت داری مستحسن ہے،مخدوم خسرو بختیار
اسلام آباد(آ ئی این پی)وفاقی وزیر برائے منصو بہ بندی و ترقی مخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے کہ پاکستان ایشیائی ترقیاتی بینک کیساتھ شراکت داری اور مختلف شعبوں میں امداد اور تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، حکومت کم آمدن والے طبقے کیلئے سستے گھروں کی تعمیر کے منصوبہ پر کام کر رہی ہے جس میں ایشیائی ترقیاتی بینک تعاون کر سکتا ہے۔ وہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی نائب صدر وان کئزینگ کی سربراہی وفد سے بات چیت کر رہے تھے جنہوں نے جمعہ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔وفاقی وزیر منصو بہ بندی و ترقی مخدوم خسرو بختیارنے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کرنے، ملک میں غربت و بیروزگاری کے خاتمے،لوگوں کو معیاری تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی،ملک کے تمام علاقوں کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنے کیلئے پر عزم ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت بپلک سیکٹر کی ری اسٹرکچرنگ اور گورننس کی بہتری کیلئے پرعزم ہے۔اس موقع پر نائب صدر ایشیائی ترقیاتی بینک وان کئز ینگ نے ملکی سماجی و معاشی اور انسانی وسائل کی ترقی کیلئے حکومت کے عزم کو سراہا اور مختلف شعبو ں میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔