شہباز شریف کی گرفتاری کیلئے یہ وقت مناسب نہیں ،نفیسہ شاہ

شہباز شریف کی گرفتاری کیلئے یہ وقت مناسب نہیں ،نفیسہ شاہ

لاہور( شہزاد ملک ) پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات نفسیہ شاہ نے کہا ہے کہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری یہ سمجھتے ہیں کہ ابھی قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف کی نیب میں تفتیش چل رہی تھی اور جب تک تفتیش مکمل نہ ہو جاتی تو تب تک ان کی گرفتاری نہیں بنتی تھی ہم یہ سمجھتے ہیں ابھی جس وقت ان کو گرفتار کیا گیا ہے یہ وقت مناسب نہیں ہے ۔’’پاکستان‘‘ سے خصوصی ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے بہت سے لوگوں کے کرپشن کے بڑے بڑے سیکنڈلز کی نیب میں تحقیقات چل رہی ہیں لیکن ابھی تک یہ سب میگا سیکنڈلز زیر تفتیش ہیں اس لئے جب تک ان کیسز کی تفتیش کا عمل مکمل نہیں ہو جاتا اور ٹھوس شواہد سامنے نہیں آجاتے تو تب تک میاں شہباز شریف کی گر فتاری نہیں بنتی تھی ۔اس سوال پر کہ کیا پیپلز پارٹی میاں شہباز شریف کی گرفتاری کے ایشو پر اسمبلی کے اندر مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ملکر احتجاج کرے گی تواس پر ان کا کہنا تھا کہ اس پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے ہمیں جو بھی ہدایت ملے گی تو ہم اس پر عمل کریں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ فوری طور پر ہمارے چیئرمین بلاول بھٹو نے جو ردعمل دیا ہے اس کا اظہار میں نے آپکو کردیا ہے امید ہے کہ ان کی طرف سے اس ایشو پر جلد ہی حکمت عملی سامنے آجائے گی۔

نفیسہ شاہ

مزید : صفحہ آخر