صوبائی خزانے میں اتنی بھی رقم نہیں جاری منصوبوں کو مکمل کیا جاسکے : عبد العلیم

صوبائی خزانے میں اتنی بھی رقم نہیں جاری منصوبوں کو مکمل کیا جاسکے : عبد ...

لاہور(این این آئی) سینئر وزیرپنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایات پر تمام صوبائی حکومتیں100روزہ پلان میں اُن ترجیحات کا تعین کر رہی ہیں جن پر عملدرآمد کر کے آئندہ برسوں میں عوام کے سامنے تبدیلی کے منشور کی عملی تصویر پیش کی جائے گی ،اس پلان کی مربوط منصوبہ بندی میں کسی محکمے سے رعائیت نہیں ہو گی اور بالخصوص مفاد عامہ کے شعبوں کو تیزی کے ساتھ کام مکمل کرنا ہوگا اور کم سے کم وقت میں ٹھوس سفارشات سامنے لانا ہونگی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں 100روزہ پلان اور پنجاب کے 8ماہ کے بجٹ کیلئے منعقدہ مختلف محکموں کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں وزیر خزانہ پنجاب ہاشم جواں بخت ،چیف سیکرٹری پنجاب اور مختلف محکموں کے سیکرٹری صاحبان نے شرکت کی ، عبدالعلیم خان نے افسران سے کہا کہ وہ اس پلان کے حوالے سے ایسے اقدامات تجویز کریں جن کا تعلق عام آدمی کی بہتری اور عوامی فلاح و بہبود سے ہو ۔انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کی رپورٹ وزیر اعظم کو ارسال کی جائے گی اور سست روی کا شکار محکموں کے افسران کو اس ضمن میں جوابدہ ہونا ہو گا ۔پنجاب کے8ماہ کے بجٹ کے حوالے سے سینئر وزیر پنجاب نے ہدایت کی کہ ایسی سفارشات تیار کی جائیں جن سے عام آدمی پر مالی بوجھ کم سے کم ہو اور ٹیکسوں سے مالدار طبقے سے رقوم حاصل کی جائیں ، عبدالعلیم خان نے کہا کہ پنجاب کے ترقیاتی پروگرام کو کم سے کم متاثر کرنا چاہتے ہیں البتہ قومی خزانے پر ڈالنے جانے والے بوجھ کا کچھ نہ کچھ متبادل تلاش کرنا ہوگا ، انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت کی غیر متوازن پالیسیوں کے باعث پنجاب کا مالی ڈھانچہ تباہ ہو چکا ہے ، صوبائی خزانے میں اس قدر بھی رقوم نہیں کہ جاری منصوبوں کو مکمل کیا جا سکے ،عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ ہم اربوں روپے خرچ ہو جانے کے بعد اُن منصوبوں کو بند نہیں کر سکتے لیکن بچت اور کفائیت شعاری کے ساتھ آگے چلیں گے اور قوم کو موجودہ مالی بحران پر اعتما د میں لیا جائے گا، سینئر وزیر نے صوبائی سیکرٹریوں کو ہدائیت کی کہ وہ اپنے محکموں میں کم سے کم غیر ترقیاتی اخراجات کریں اور ڈویلپمنٹ کے شعبے میں جاری منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل کو یقینی بنائیں ،انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدائیت پر وہ 100روزہ پلان اور8ماہ کے بجٹ کی نگرانی کر رہے ہیں اور اس ضمن میں تمام متعلقہ افسران سے اچھی پرفارمنس کی توقع ہے ۔اجلاس میں وزیر خزانہ پنجاب ہاشم جواں بخت نے 8ماہ کی بجٹ تجاویز کے حوالے سے اظہار خیال کیا ۔

عبدالعلیم

مزید : صفحہ آخر