عرفان منگی سے ملاقات میڈیا کیلئے بڑی بات ہو گی ، ہمارے لیے نہیں : احتساب عدالت

عرفان منگی سے ملاقات میڈیا کیلئے بڑی بات ہو گی ، ہمارے لیے نہیں : احتساب عدالت

اسلام آباد( آن لائن،آئی این پی )احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے العزیزیہ سٹیل ریفرنس کی سماعت کے دوران خواجہ حارث کے ڈی جی نیب عرفان منگی کی احتساب عدالت کے ججزسے ملاقات کے معاملے پر اعتراض اٹھانے کے حوالے سے ریمارکس دئیے کہ عرفان منگی کی ملاقات میڈیا کیلئے بڑی بات ہو گی لیکن ہمارے لیے نہیں۔تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس کی گزشتہ روز سماعت شروع کی تو وکیل خواجہ حارث نے کہا گزشتہ روز میڈیا پر ڈی جی نیب عرفان منگی کی ججز کے ساتھ ملاقات کی سامنے آئی، موجودہ حالات میں اس قسم کی صورتحال سے پرہیز کرنا چاہئے۔فاضل جج نے خواجہ حارث کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عرفان منگی کو میں نے خود بلایا تھا، انہیں بدھ کو بلایا گیا تھا لیکن وہ کافی دیر انتظار کر کے چلے گئے تھے جس کے بعد ان سے جمعرات ملاقات کی۔ احتساب عدالت کے جج نے کہا عرفان منگی کو آفیشل معاملات کیلئے بلایا تھا،شریف فیملی کے کیس سے متعلق بات چیت نہیں ہوئی، کیس کا صرف اتنا تذکرہ ہوا کہ بدھ کو کیس میں مصروفیت کے باعث ملاقات نہ ہوسکی۔جج ارشد ملک نے کہا نیب کیسز میں ملزمان کے ریمانڈ کے کچھ ایشوز تھے جس پر عرفان منگی کو کہا ایشوز حل کریں ورنہ آپ مشکل میں ہوں گے۔نواز شریف کے وکیل نے احتساب عدالت کے جج سے نیب پراسیکیوٹر اکرم قریشی کے رویے کی بھی شکایت کی اور کہا کہ پراسیکیوٹر نے ڈیفنس ٹیم کے بارے میں توہین آمیز کلمات استعمال کہے، میرا تمام کنڈکٹ عدالت کے سامنے ہے، کبھی کسی کو شکایت نہیں ہوئی۔

احتساب عدالت

مزید : صفحہ آخر