جنرل مینیجر پی ٹی وی لاہور حمید قاضی پر کرپشن کے سنگین الزامات
لاہور (سٹاف رپورٹر) پی ٹی وی ذرائع کے مطابق سرکاری ٹی وی کے کارکنوں نے جنرل مینیجر لاہور پی ٹی وی حمید قاضی پر کرپشن کے سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہاہے کہ حمید قاضی نے پروڈیوسر چینگیزی کے ساتھ مل کر ’’ رسمیں‘‘ کے نام سے ایک ڈرامہ پروڈیوس کیا اور اس نام سے لاکھوں روپے خوردبرد کرلئے۔ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ خورد برد کے دھندے میں دیگر اعلیٰ حکام بھی ملوث ہیں اور ان کی سپورٹ سے حمید قاضی نے پروگرام مینیجرکی جگہ پر ایک منظور نظر جونیئر کو بٹھا کر تمام بلوں پر غیر قانونی طور پر دستخط بھی کروا لئے ہیں کیونکہ اس سے پہلے تعینات پروڈیوسر پروگرام مینیجر افتخار ورک نے کرپشن کا حصہ بننے سے انکار کر دیا تھا۔ پی ٹی وی ورکر زنے نام ظاہر نہ کیے جانے کی شرط پر بتایاکہ جی ایم لاہور حمید قاضی پٹرول کے علاوہ گاڑی کی مد میں 35 ہزار روپے وصول کرتے ہیں جبکہ وہ گاڑی بھی پی ٹی وی کی ہی استعمال کرتے ہیں۔ ذرائع نے الزام عائد کیا کہ ڈاکٹر فردین جو ایک اعلیٰ سیاسی شخصیت کے فزیو تھراپسٹ تھی کو حمید قاضی نے پروڈیوسر زکے احتجاج کے باوجود جگن کاظم کے مارننگ شو کا حصہ بنایا۔ ذرائع نے نیب حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ حمید قاضی کی لوٹ مار پر ایکشن لیاجائے اور انکے ناجائز اثاثوں کے حوالے سے تحقیقات کی جائیں۔اس الزامات کے سلسلے میں جب حمید قاضی سے ان کا موقف لینے کیلئے رابطہ کیاگیا تو انہوں نے گفتگوکرنے سے انکار کردیا۔