قومی مالیاتی کمیشن ،سندھ کا سلیم مانڈوی والا کو نامزد کرنے کا فیصلہ

قومی مالیاتی کمیشن ،سندھ کا سلیم مانڈوی والا کو نامزد کرنے کا فیصلہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)نویں قومی مالیاتی کمیشن کی تشکیل نو کے لیے سندھ نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم ایچ مانڈی والا کا نام نامزد کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے،پنجاب ،خیبرپختونخوا اوربلوچستان کی جانب سے نئے سابقہ حکومتوں کی نامزد کردہ ارکان کی جگہ نئے ارکان نامزد کیے جانے کا امکا ن ہے۔وفاقی وزیرخزانہ اسد عمرکی جانب سے نویں قومی مالیاتی کمیشن کی تشکیل نوسے متعلق ارسال کردہ خط حکومت سندھ کوموصول ہوگیا ہے جس میں سندھ سمیت تمام صوبوں سے کہا گیا ہے کہ وہ مالیاتی کمیشن میں پہلے سے موجودہ اراکین کی تصدیق کریں یا پھر نئے لوگوں کو نامزد کریں۔ پیپلزپارٹی کے معتمد ترین ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کی طرف سے این ایف سی کے لیے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم ایچ مانڈی والا کا نام نامزد کیا جا سکتا ہے جس کے لیے پارٹی قیادت کی منظوری کا انتظارہے سندھ حکومت نے ان کا نام تجویز کیا ہے۔دوسری جانب نئے این ایف سی کے لیے سندھ کے علاوہ تمام صوبوں سے نئے چہرے نامزد کیے جانے کا امکان ہے این ایف سی ایوارڈ کے لیے خیبرپختونخوا اور پنجاب سے حکمراں جماعت نئے نمائندے نامزد کرے گی، دونوں صوبوں سے موجودہ اراکین پاکستان مسلم لیگ (ن) اور جماعت اسلامی کے نامزدہ کردہ تھے جنہیں تبدیل کردیا جائے گا۔گزشتہ این ایف سی ایوارڈ 30 جون 2015 کو زائد المعیاد ہو گیا تھا جسے سالانہ بنیاد پر توسیع دی گئی اور 7ویں اسی این ایف سی ایوارڈ کے تحت ہی صوبوں کو محاصل کی تقسیم ہورہی ہے جس میں پنجاب کو 51.74 فیصد، سندھ کو 24.55 فیصد، خیبر پختونخوا کو 14.62 فیصد اور بلوچستان کو 9.09 فیصد شیئر ملتا ہے۔

مزید : کراچی صفحہ اول