ضمنی انتخابات، کراچی اورخیرپورکے 392 پولنگ اسٹیشن حساس قرار

ضمنی انتخابات، کراچی اورخیرپورکے 392 پولنگ اسٹیشن حساس قرار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)ضمنی انتخابات کے لیے کراچی اورخیرپورکے 392 پولنگ اسٹیشن حساس قراردے دیے گئے،چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ نے ضمنی انتخاب کے موقع پرفول پروف سیکورٹی کے انتظامات کی ہدایت کردی ہے ۔ ضمنی انتخابات کے سلسلہ میں چیف سیکریٹری سندھ کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں آئی جی سندھ صوبائی الیکشن کمشنر، سینیئر میمبر بورڈ آف ریونیو، سیکریٹری صحت، سیکریٹری اطلاعات، کمشنر کراچی، کمشنر سکھر اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ صوبائی الیکشن کمشنر یوسف خٹک نے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سندھ کے 2 قومی اور 3 صوبائی حلقوں میں 14 اکتوبر اور 21 اکتوبر کو ضمنی انتخابات ہونگے،جس کیلیے 14,لاکھ 32 ہزارسے زائد ووٹرز حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔صوبائی الیکشن کمیشن کی طرف سے حساس قراردیے گئے392 حساس پولنگ اسٹیشن کے 1490 پولنگ بوتھ پر چیف سیکریٹری سندھ نے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کی ہدایت کی چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ کا کہنا تھا کہ عام انتخابات کی طرح ضمنی انتخابات میں بھی سیکیورٹی کے بھرپور انتظامات جائیں گے اس ضمن میں الیکشن کمیشن کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پرعملدرآمد یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہاکہ ضمنی انتخابات کے دوران متعلقہ حلقوں میں صحت کی سہولیات کو بھی یقینی بنایا جائے۔ آئی جی پولیس ڈاکٹر کلیم امام نے اجلاس کویقین دہانی کرائی کہ پولیس ضمنی انتخابات کے سلسلے میں تمام سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنائے گی۔کراچی میں امن کی صورتحال بہتر ہورہی ہے اورضمنی انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے پولیس پوری طرح چوکس ہے۔