کلر سیداں شہر میں تجاوزات کیخلاف آپریشن بے اثر ہو گیا

کلر سیداں شہر میں تجاوزات کیخلاف آپریشن بے اثر ہو گیا

کلر سیداں(تحصیل رپورٹر) کلر سیداں شہر میں تجاوزات کیخلاف آپریشن بے اثر ہو گیا۔گزشتہ روز تجاوزات کیخلاف کئے جانے والے آپریشن کے بعد انتظامیہ بے بس نظر آنے لگی جس کی وجہ سے غیر قانونی تجاوزات نے پھر سے سر اٹھانا شروع کر دیا ہے۔حکومت پنجاب کی ہدایت پر جہاں صوبہ بھر میں پوری قوت کے ساتھ مقامی انتظامیہ تجاوزات مافیا کیخلاف متحرک ہو چکی ہے وہاں کلر سیداں میں با اثر تجاوزات مافیا نے تحصیل انتظامیہ کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا ہے اور تجاوزات کیخلاف آپریشن صرف غریب ریڑھی بانوں تک ہی محدود ہو کر رہ گیا ہے۔مغل بازار،مین بازار،انار کلی بازار،گوجر خان روڈ اور چوآ روڈ پر تجاوزات مافیا نے کس قدر اپنے پنچے گاڑھ رکھے ہیں اس سے تحصیل انتظامیہ کی کارکردگی کا با خوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ایم سی کلر سیداں میں تعینات چیف آفیسر خالد رشید نے دعوی کیا تھا کہ انہوں نے تجاوزات کے مرتکب بننے والے ریڑھی بانوں اور دکانداروں کی تصاویر بنا لی ہیں اور بہت جلد ان کیخلاف آپریشن کا آغاز کیا جائے گا مگر ان کے یہ دعوے بھی ایک دن کے آپریشن کے بعد ہی بے اثر ثابت ہوئے۔کلر سیداں کے کاروباری حلقوں نے مقامی انتظامیہ کی کارکردگی کو انتہائی مایوس کن قرار دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر