آنے والے وقتوں میں مزید اسکینڈلز سامنے آئیں گے، وزیراعظم
اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آنے والے وقتوں میں قوم کی دولت لوٹنے والوں کے مزید اسکینڈلز سامنے آئیں گے۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی گرفتاری کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آنے والے وقتوں میں قوم کی دولت لوٹنے والوں کے مزید اسکینڈلز سامنے آئیں گے، ’’جمہوریت‘‘ بھی خطرے میں آیا کرے گی لیکن میرے پاکستانیوں آپ کو گھبرانا نہیں ہے، کرپشن کے خلاف ڈٹے رہنا ہے۔
واضح رہے کہ نیب لاہور نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار کرلیا ہے اور انہیں آج کی صبح احتساب عدالت لاہور میں پیش کیا جائے گا۔