عرب خاتون نے اپنے شوہر کے بارے میں فیس بک پر ایسی بات لکھ دی کہ اس کے خلاف عدالت پہنچ گیا

عرب خاتون نے اپنے شوہر کے بارے میں فیس بک پر ایسی بات لکھ دی کہ اس کے خلاف ...
عرب خاتون نے اپنے شوہر کے بارے میں فیس بک پر ایسی بات لکھ دی کہ اس کے خلاف عدالت پہنچ گیا

  

ابوظہبی(مانیٹرنگ ڈیسک) جدید زمانے میں جرائم کی نوعیت بھی بدل گئی ہے۔ اب سائبر جرائم بھی ہونے لگے ہیں اور ان کے تدارک کے لئے سائبر قوانین بھی بن گئے ہیں، یعنی فیس بک اور ٹوئیٹر جیسی ویب سائٹوں پر لکھے گئے الفاظ بھی لوگوں کے گلے کا پھندا بننے لگے ہیں۔ ایک ایسی ہی مثال متحدہ عرب امارات میں مقیم ایک عرب خاتون کے خلاف دائر کیا گیا مقدمہ ہے، اور یہ مقدمہ کسی اور نے نہیں خاتون کے سابق شوہر نے درج کروایا ہے۔

خلیج ٹائمز کے مطابق ابوظہبی میں ٹیچنگ کی ملازمت کرنے والے ایک شخص نے اپنی سابقہ بیوی کے خلاف سائبر جرائم کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کروا دیا ہے۔ اس شخص کا کہنا ہے کہ سابق بیوی نے فیس بک پر اس کے خلاف ایسی باتیں لکھی ہیں جن سے اس کی شہرت کو نقصان پہنچا ہے، اور اس نقصان کے بدلے سابق بیوی سے 21 ہزار درہم ہرجانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

دوسری جانب خاتون کا کہنا ہے کہ شوہر نے اُس کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کروایا ہے۔ اس کا مﺅقف ہے کہ سابق شوہر نے اس کا حق مہر ادا نہیں کیا تھا، نان و نفقہ کی ذمہ داری بھی پوری نہیں کی، اور اب اس کے خلاف جھوٹا مقدمہ بھی درج کروا دیا ہے۔ اس نے تسلیم کیا کہ سوشل میڈیا پر اپنے تکلیف دہ حالات کے بارے میں کچھ پوسٹس کیں لیکن وہ کہتی ہے کہ ان میں سابق شوہر کا نام استعمال نہیں کیا اور نہ ہی ان کا مقصد اُسے نشانہ بنانا تھا۔ عدالت نے فریقین کے ابتدائی دلائل سنے اور سماعت ملتوی کر دی۔ مقدمے کی سماعت جاری ہے۔

مزید : عرب دنیا