سائلین کو بروقت انصاف کی فراہمی کیلئے دورے جاری رکھوں گا،جسٹس مامون شیخ

  سائلین کو بروقت انصاف کی فراہمی کیلئے دورے جاری رکھوں گا،جسٹس مامون شیخ

  

لاہور(نامہ نگار)لاہور ہائیکورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس مامون رشید شیخ نے گزشتہ روز سیشن عدالتوں کااچانک دورہ کیا،فاضل جج نے عدالتوں میں سائلین کے لئے مزید سہولیات کی فراہمی، ججوں کو شارٹ لیو پر قابو پانے اور ملازمین کی یونیفارم لازمی پہننے کے حوالے سے ہدایات جاری کیں،فاضل جج نے کہا کہ سائلین کو بروقت انصاف کی فراہمی یقینی بنانے اور سہولیات کا جائزہ لینے کیلئے عدالتوں کے اچانک دورے جاری رہیں گے۔جسٹس مامون رشید شیخ نے صنفی تشدد کیس کی سماعت کرنے والی کورٹ سمیت کئی عدالتوں میں بیٹھ کر عدالتی کارروائی دیکھی، انہوں نے صنفی تشددکیسز کی سماعت کرنے والے جج سے سماعت بارے مختلف سوالات کئے، ایڈیشنل سیشن جج رحمت علی نے جسٹس مامون رشید شیخ کو متاثرہ خواتین اور ملزمان کے بیانات ریکارڈ کرنے کے طریقہ کار کے حوالے سے آگاہ کیا،اچانک دورہ کے دوران متعدد جج صاحبان شارٹ لیو پر پائے گئے،عدالتوں میں صفائی کے بھی موثر انتظامات نہیں تھے، جس پر فاضل جج نے ججوں کی حاضری یقینی بنانے اور صفائی کا نظام بہتر کرنے کی ہدایت کی۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج قیصر نذیر بٹ نے فاضل جج کو عدالتوں میں سائلین کے لئے کئے گئے اقدامات کو مزید بہتر کرنے کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔اس موقع پر ڈی جی ڈسٹرکٹ جوڈیشری ہائیکورٹ اشتر عباس بھی فاضل جج کے ہمراہ تھے۔

مزید :

علاقائی -