پی پی پی خیبر پختونخوا کا ڈاکٹر وں کے احتجاج کی حمایت کا اعلان

پی پی پی خیبر پختونخوا کا ڈاکٹر وں کے احتجاج کی حمایت کا اعلان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور (سٹی رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی نے خیبر پختونخوا میں ڈاکٹروں کے احتجاج کی بھرپور حمایت کا اعلان کردیاہے جبکہ خیبر پختونخوا میں ایکشن اِن ایڈ آف سول پاور آرڈیننس کے نفاذ پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔پشاور پریس کلب میں پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے پی پی کے صوبائی جنرل سیکرٹری فیصل کریم کنڈ ی‘خواتین ونگ کی صدر ایم پی اے نگہت اورکزئی‘ سیکرٹری اطلاعات سینیٹر روبینہ خالد‘ فرزند علی وزیر‘ صائمہ عمر اور شازیہ طہماش‘ پیپلز ڈاکٹرز فور م کے صوبائی صدر ڈاکٹر نثار سمیت کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ پی پی پی گرینڈ ہیلتھ الائنس کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹروں پر پولیس تشدد اوران کی گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتی ہے۔نفیسہ شاہ نے کہا کہ ڈاکٹروں، پیرا میڈکس اور نرسز کیخلاف جس طرح پولیس کا استعمال کیا گیا وہ نہایت ہی قابل مذمت ہے، افسوسناک امر یہ ہے کہ زخمی ڈاکٹروں کو ہتھکڑی لگا کر ہسپتال میں رکھا گیا ہے، جبکہ ان کے بعض ساتھیوں کو ایم پی او کے تحت جیل میں ڈال دیا گیا ہے، پیپلز پارٹی اصلاحات کیخلاف نہیں، لیکن اصلاحات کے نام پر صوبے کے ہیلتھ ملازمین کا سروس سٹرکچر تباہ کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائیگی،عمران خان نوشیر وان برکی نامی وائسرائے کے ذریعے صوبے کے صحت کے نظام کو چلانے کی کوشش میں برباد کر رہے ہیں اورحکومت کی ذمہ داری ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں لوگوں کو مفت علاج کی سہولیات فراہم کرے لیکن تحریک انصاف کی حکومت محکمہ صحت کوکاروباری بنایادوں پر چلانے کی کوشش کر رہی ہے۔ نفیسہ شاہ نے صوبائی حکومت کی جانب سے ایکشن اینڈ ایڈ ٹو سول پاورز آرڈیننس کے نفاذ کی بھی مذمت کی اور کہا ہم نے قبائلی علاقوں سے بھی ایف سی آر کلا خاتمہ کیا تھا لیکن موجودہ حکومت نے پورے صوبے پر اس آرڈیننس کے ذریعے ایف سی آر کا نفاذ کیا ہے۔ فیصل کریم کنڈی نے صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی کی جانب سے ڈاکٹروں کیلئے توہین آمیز کلمات کی مذمت کرتے ہوئے کہا پکوڑے بیچنے والے بھی قابل قدر لوگ ہیں، جو اپنے لیئے رزق حلال کما رہے ہوتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ گرفتار ڈاکٹروں کے ساتھ ملاقات کی اجازت دی جائے، انہوں نے چیئرمین نیب سے بھی مطالبہ کیا کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے بی آر ٹی کے معاملات کے بارے میں دی گئی درخواست کا جواب دیا جائے۔انہوں نے مذکورہ آرڈیننس کو فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا۔پریس کانفرنس سے پیپلز پارٹی کے رہنما سینٹر روبینہ خالد نے بھی خطاب کیا۔