مولانا فضل الرحمان کو سرکاری مراعات چھین جانے کا دکھ ہے:عاطف خان

مولانا فضل الرحمان کو سرکاری مراعات چھین جانے کا دکھ ہے:عاطف خان

  

مردان (بیورورپورٹ)خیبر پختونخوا کے سینئر صوبائی وزیر برائے سیاحت،کھیل و امور نوجوانان محمد عاطف خان نے کہاہے کہ ملک لوٹنے والوں کی وجہ سے آج ملک کو مشکلات درپیش ہیں۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے قرضوں کی وجہ (بقیہ نمبر18صفحہ12پر)

سے آج غریب آدمی پریشان ہے،انشاء اللہ تحریک انصاف کی حکومت ملک کو دپیش مسائل سے نکالے گی۔وہ یونین کونسل محبت آباد کے علاقے سرخ ڈھیری میں سوئی گیس کے افتتاح کے موقع پرایک تقریب سے خطاب کررہے تھے۔تقریب سے قومی اسمبلی کی رکن شاہین سیف اللہ،صوبائی اسمبلی کے اراکین ظاہر شاہ طورو،امیر فرزند خان،تحصیل کونسل کے سابق ممبر اجمل خان نے بھی خطاب کیا۔محمد عاطف خان نے کہاکہ حکومت کے خلاف نکلنے والے پہلے اپنے گریبانوں میں جھانکیں انہوں نے عوام کے مفاد کے لئے کیا کیا ہے۔لوٹی ہوئی دولت کو ہر صورت میں واپس لائیں گے۔انہوں نے کہاکہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے21کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔45سال سے مردان میں سوئی گیس ہے لیکن سرخ ڈھیری اور محبت آباد میں سوئی گیس نہ ہونے سے علاقہ مکینوں کو مشکلات کا سامنا تھا جسے تحریک انصاف کی حکومت نے حل کیا۔انہوں نے کہاکہ روڑیا،موسم کورونہ اورباجوڑو کورونہ کو بھی گیس کی سپلائی جلد شرو ع ہو جائے گی۔انہوں نے کہاکہ این اے 21کے تمام مساجد کو سولر سسٹم فراہم کریں گے۔صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے52میں اب تک58بجلی کے ٹرانسفارمر لگائے گئے ہیں۔اس موقع پرلوگوں نے صوبائی وزیر سے مطالبہ کیا کہ سرخ ڈھیری میں پرائمری سکول اور محبت آباد میں گرلز ہائی سکول کی ضرورت ہے جس کے جواب میں محمد عاطف خان نے کہاکہ گورنمنٹ پرائمری اور گرلز ہائی سکول کے مطالبات کو عملی جامہ پہنائیں گے۔سینئر وزیرمحمد عاطف خان نے کہاکہ قانون کے دائرے میں رہ کر ہر شہری کو احتجاج کا حق حاصل ہے او رمولانا فضل الرحمان اپنا شوق پورا کریں۔انہوں نے کہاکہ مولانا صاحب کے ساتھ ہماری حکومت نے بہت گزارہ کیاہے آپ بھی تین سال صبر کرلیں،احتجاج تمام سیاسی جماعتوں کا حق ہے ہم نے سب سے زیادہ دھرنے دیئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو سرکاری مراعات چھین جانے کا دکھ ہے ہم چھوٹی عمر سے سنتے چلے آرہے تھے کہ مولانا فضل الرحمان کشمیر کمیٹی کے چیئرمین ہیں سترہ سال بعد وہ بے روزگارہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے کسی کے خلاف کیسز نہیں بنائے یہ تو پی پی نے مسلم لیگ اورلیگی قیادت نے پیپلزپارٹی کے خلاف مقدمات بنائے ہیں ہم نے نیب کو کھلا اختیار دیاہے ملک لوٹنے والوں کا کھڑا احتساب ہوگا اورکسی سے کوئی عایت نہیں کی جائے گی۔سینئر وزیر نے کہاکہ صوبے میں سیاحت کے فروع کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ٹورازم ایکٹ منظور ہوچکاہے اوراب دنیا میں خیبرپختون خوا کی مثبت تصویر پیش کی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے لئے جگہ جگہ چھوٹے بڑے سپورٹس کمپلیکس بنائے جارہے ہیں مردان کی تعمیر وترقی پر اربوں روپے خرچ کئے جاچکے ہیں سیوریج نظام کے لئے ماسٹر پلان بنارہے ہیں ضلع بھر میں 35گراؤنڈ کی تعمیر کی جائے گی جس کے لئے50کروڑ رقم مختص ہے جبکہ کلچر ہال کے لئے 20کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ 

مزید :

ملتان صفحہ آخر -