مولانا فضل الرحمٰن دھرنے کیلئے آئیں تو سہی بھر دیکھیں گے:عثمان بزدار

مولانا فضل الرحمٰن دھرنے کیلئے آئیں تو سہی بھر دیکھیں گے:عثمان بزدار

  

ملتان(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن دھرنے کیلئے آئیں تو سہی پھردیکھیں گے،وزراء کے محکموں میں ردوبدل کا اختیار حاصل ہے،کابینہ ارکان کی کارکردگی کا جائزہ لے رہا ہوں،جنوبی پنجاب کی ترقی و خوشحالی کیلئے مختص 35فیصد فنڈز کسی اور مقصد کیلئے استعمال کرنے پر پابندی عائد کردی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرکٹ ہاؤس ملتان میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کیلئے تین ارب روپے رکھے گئے ہیں اورجنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کیلئے انتظامی لحاظ سے تیاریاں مکمل ہیں۔سیاسی اتفاق رائے کے ذریعے سیکرٹریٹ کے مقام کا اعلان کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ ڈیرہ غازی خان میں انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا اسی ماہ سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔پنجاب کے پسماندہ علاقوں میں 5مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال بنائے جارہے ہیں۔نشتر ہسپتال میں 30ڈائیلسز کی نئی مشینوں کا اضافہ کیا جارہا ہے۔شعبہ صحت کو بہتر بنانے کے لئے ہر ضروری اقدام اٹھائیں گے۔انہوں نے کہاکہ والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کا دائرہ کار پنجاب بھر میں پھیلا دیاگیاہے۔ملتان کی تاریخی عمارتوں کی اصل حالت میں بحالی کا کام جلد شروع ہوگا۔جنوبی پنجاب کا صوبہ بنانے کیلئے دو تہائی اکثریت چاہیے۔سردار عثمان بزدار نے کہا کہ صحافیوں کے مسائل کے حل کیلئے جرنلسٹ ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کاسب آفس ملتان میں کھولا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے صحافیوں کو بھی صحت انصاف کارڈ کے اجراء کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ ہاؤسنگ کالونی فیز ٹو کیلئے کمشنرکو ہدایات جاری کردی گئی ہیں اورصحافیوں کا یہ مسئلہ بھی حل کریں گے۔انہوں نے کہاکہ ملتان پریس کلب کی گرانٹ کے ایشو کو بھی حل کیا جائے گا۔بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب نے ملتان میں مختلف منصوبوں کا افتتاح کیا اورسنگ بنیاد رکھا۔ سرکٹ ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں صوبائی وزراء،اراکین اسمبلی،پارٹی عہدیداران اورمتعلقہ حکام نے شرکت کی۔وزیراعلیٰ نے نشتر ہسپتال ملتان میں ہیپاٹائٹس سے بچاؤ اورٹریٹمنٹ سینٹر کاافتتاح کیا۔ ہیپاٹائٹس سینٹر پر 56کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔وزیراعلیٰ نے نشتر ہسپتال ملتان میں فارمیسی اور سٹور بلاک کی تعمیر کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا- اس منصوبے پر 35کروڑ روپے لاگت آئے گی۔وزیراعلیٰ نے ملتان میں سنتھیٹک ٹرف ہاکی گراؤنڈ کا سنگ بنیاد رکھا-اس منصوبے پر تقریباً 16کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ وزیراعلیٰ نے ملتان کے لئے پنجاب پبلک سروس کمیشن کے علاقائی آفس کی تعمیر کے منصوبے کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔اس منصوبے پر 25کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔وزیراعلیٰ نے انسداد ڈینگی کے لئے عوامی شعور کی بیداری کیلئے قائم ڈیسک کا بھی معائنہ کیا۔وزیراعلیٰ نے ڈینگی بریگیڈکی گاڑیوں کابھی معائنہ کیا۔وزیراعلیٰ نے انسداد ڈینگی کے لئے قائم ڈیسک میں گہری دلچسپی کا اظہارکیا۔وزیراعلیٰ نے انسداد ڈینگی کے موبائل یونٹ کا بھی معائنہ کیا۔وزیراعلیٰ نے انسدادڈینگی ڈیسک پر موجود عملے اورڈاکٹرز سے سوالات کیے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ انسداد ڈینگی کیلئے پوری پنجاب حکومت متحرک ہے۔ڈینگی کے مرض پر مسلسل محنت سے قابو پائیں گے۔وزیراعلیٰ کو انسداد ڈینگی کیلئے کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں بریفنگ بھی د ی گئی۔وزیراعلی نے کہاکہ ترقیاتی فنڈز کی غیر منصفانہ تقسیم کا باب بند کردیا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدارنے نشتر ہسپتال ملتان کا دورہ کیا،وزیراعلیٰ عثمان بزدار ڈینگی کے مریضوں کے علاج کیلئے خصوصی وارڈ میں گئے وزیراعلیٰ نے ڈینگی کے مریض سے صورتحال اور انتظامات کے بارے میں استفسار کیا۔سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن اورایم ایس نشتر ہسپتال نے وزیراعلیٰ کو نشتر ہسپتال ملتان میں ڈینگی کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔وزیراعلیٰ نے نشتر ہسپتال میں نفرالوجی اینڈ ڈائیلسز یونٹ کا افتتاح کیا۔وزیراعلیٰ نے خواجہ جلال الدین رومی کے ہمراہ ڈائیلسز یونٹ کا معائنہ کیا۔وزیراعلیٰ نے نشتر ہسپتال کیلئے مزید30ڈائیلسز مشینیں فراہم کرنے کا اعلان کیا اور نشتر ہسپتال میں ڈاکٹروں کی کمی کو پورا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے حضرت بہاؤالدین ذکریا ؒ کے مزار پر حاضری دی۔وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار،وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اوردیگر شخصیات نے حضرت بہاؤالدین ذکریا ؒکے مزار کو غسل دیا۔وزیراعلیٰ نے مزار پرپھولوں کی چادر چڑھائی۔وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار اورسینکڑوں عقیدت مندوں نے ملک کی ترقی، خوشحالی اوراستحکام کیلئے دعا کی۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے حضرت بہاؤالدین ذکریا ؒکے مزار پر منعقدہ کانفرنس میں خصوصی شرکت کی۔مقررین نے حضرت بہاؤالدین ذکریا ؒکی دینی خدمات پر روشنی ڈالی۔حضرت بہاؤالدین ذکریاؒ کے مزارپرکانفرنس میں ہزاروں مریدین اورعقیدت مندوں نے شرکت کی۔وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے دعا کرائی۔

سردار عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -