ویڈیو سکینڈل کیس، ملزم ناصر جنجوعہ کااسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع
اسلام آباد،راولپنڈی (سٹاف رپورٹر، نیوز ایجنسیاں) احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک کے ویڈیو سکینڈل کیس میں ملزم ناصر جنجوعہ کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا گیا،دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ سابق جج ارشد ملک کے ٹرانسکرپٹ کو نواز شر یف کی اپیل اورسابق جج ارشد ملک کی ویڈیو کی فارنزک رپورٹ کوبھی ریکارڈ کا حصہ بنایا جائے۔ درخواست میں یہ موقف بھی اختیار کیاگیا ہے کہ ویڈیو میں جج ارشد ملک کو دیکھا اور سنا جاسکتا ہے،ویڈیو میں جج ارشد ملک تسلیم کررہے ہیں کہ دباؤ میں نواز شریف کیخلاف فیصلہ دیا۔ درخواست میں چیئرمین نیب کو فریق بنایا گیا ہے۔دوسری طرف سابق جج ارشد ملک ویڈیو سکینڈل میں ایف آئی اے نے رتہ امرال میں ناصر بٹ کے بھائی کے گھر پر چھاپہ مارکر دو افراد کو گرفتار کرلیا۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے ناصر بٹ کے بھتیجے حمزہ بٹ اورایم عزیز شعیب کو حراست میں لے کر ایف آئی اے ہیڈ کوارٹر اسلام آباد منتقل کر دیا۔زیر حراست حمزہ بٹ لیگی رہنماء ناصر بٹ کے مقتول بھائی عار ف کا بیٹا ہے۔ناصر بٹ کے چھوٹے بھائی حافظ عبداللہ بٹ نے چھاپے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ایف آئی اے اہلکار دوران چھاپہ بار بار کہتے رہے لیپ ٹاپ چلا کر دیں، انہوں نے کہاایف آئی اے اہلکاروں کو بتایا اس کیس سے ہمارا کوئی تعلق نہیں۔حافظ عبداللہ بٹ کے مطابق ایف آئی اے اہلکاروں کو بتایا ویڈیو سکینڈل ناصر بٹ اور اسکی پارٹی کا معاملہ ہے،ایف آئی ا اہلکاروں نے بتایا زیر حراست دونوں لڑکوں کوآج عدالت میں پیش کر یں گے۔
ناصر جنجوعہ رجوع