اولیائے کرام نے امن و محبت اور رواداری کا درس دیا،شاہ محمود قریشی
اسلام آباد (این این آئی)وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اولیاء کرام نے امن،محبت اوررواداری کادرس دیااورانہی کی کوششوں سے خطے میں اسلام کا پیغام عام ہوا،اولیاء کے آستانے آج بھی مرجع خلائق ہیں اورلوگ یہاں سے فیض حاصل کرتے ہیں۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے عظیم روحانی پیشوا حضرت بہاؤالدین زکریاؒ کے 780ویں عرس مبارک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔عرس کا افتتاح وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار، وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مزار کو غسل دے کر کیا۔اس موقع پر صوبائی وزیرتوانائی ڈاکٹر اختر ملک، وفاقی پارلیمانی سیکرٹری مخدوم زادہ زین قریشی، قومی اسمبلی کے چیف وہیپ ملک عامرڈوگراورصوبائی پارلیمانی سیکرٹری ندیم قریشی بھی موجودتھے۔غسل کے بعد وزیراعلی عثمان بزدار نے مزار پر پھولوں کی چادرچڑھائی۔اس موقع پر وزیر اعلی نے کہاکہ حضرت بہاؤالدین زکریا سمیت تمام بزرگان دین نے امن وآشتی کادرس دیا۔انہوں نے دعا کی کہ بزرگان دین کے فیوض و برکات سے اللہ تعالی کشمیر کو آزادی دلائے۔عرس کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہاکہ دنیاوی اقتدار عارضی ہوتا ہے اور روحانی سلسلے ابدی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعلی عثمان بزدار مزارات اور اولیاء سے محبت کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ میں نے حضرت بہاؤالدین زکریاؒ، حضرت شاہ رکن عالمؒ اوربی بی پاک دامنؒ کے مزارات کی تعمیر کے حوالے سے وزیراعلی سے گزارشات کی تھیں اور انہیں بتایا تھا کہ حضرت بہاؤالدین زکریاؒ کے مزار میں زائرین کیلئے جگہ کم ہے اوران کی سہولت کیلئے اس جگہ کو کشادہ کیاجائے۔مخدوم شاہ محمودقریشی نے کہا کہ وزیرخارجہ کی حیثیت سے میں نے دنیا بھر کے فورمز پر کشمیریوں کے مسائل اجاگرکیے اور بھارتی جارحیت کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا۔اس موقع پر انہوں نے پاکستان کی سلامتی، ترقی،دہشت گردی کے خاتمے اور کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعا کرائی گئی۔
شاہ محمود قریشی