تاجربرادری کی مشاورت سے ٹیکس نظام میں اصلاحات ضروری ہیں

تاجربرادری کی مشاورت سے ٹیکس نظام میں اصلاحات ضروری ہیں

  

 لاہور چیمبر لاہور(کامرس ڈیسک) تاجر برادری اور حکومت کے درمیان اچھے اور متوازن تعلقات ہی ملک کی معاشی ترقی کی ضمانت ہیں، تاجروں کے فعال کردار کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں لہذا حکومت ان کے حقیقی مسائل حل کرے اور دوستانہ کاروباری ماحول پیدا کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے۔ ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ، سینئر نائب صدر علی حسام اصغر اور نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد نے مختلف مارکیٹوں اور صنعتی و تجارتی ایسوسی ایشنز کے وفود سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے موقع پر کیا۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں سے ذیشان خلیل کی سربراہی میں ٹیکسٹائل ٹریڈرز ایسوسی ایشن، خواجہ عامر کی سربراہی میں شاہ عالم مرکزی بورڈ، خامس سعید بٹ کی سربراہی میں گنپت روڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن، مجاہد مقصود بٹ کی سربراہی میں انجمن تاجران اور انجینئر جاوید سلیم قریشی کی سربراہی میں پاکستان انجینئرنگ کونسل کے وفد نے ملاقات کی اور اپنے مسائل و تجاویز سے آگاہ کیا۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ ٹیکسوں کے پیچیدہ نظام، دوہرے ٹیکسوں، زیادہ پیداواری لاگت، مارکیٹوں میں انفراسٹرکچر کے فقدان اور بدترین ٹریفک جام جیسے مسائل کی موجودگی میں کاروبار ترقی نہیں کرسکتے، ان مسائل کا حل ہونا تاجروں اور حکومت دونوں کے لیے یکساں فائدہ مند ہوگا۔ عرفان اقبال شیخ، علی حسام اصغر اور میاں زاہد جاوید احمد نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان، چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ اور سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے تاجروں کے مسائل پر بات کرنا خوش آئند ہے، امید ہے کہ جلد ہی تاجروں کو ریلیف ملنا شروع ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسوں کے نظام میں تاجر برادری کی مشاورت سے اصلاحات ضروری ہیں، ٹیکسوں کے نظام کو آسان بناکر تاجروں کو سہولت اور ٹیکس نیٹ کو وسعت دی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فائلر اور نان فائلر کے درمیان تفریق کے لیے براہ راست ایکشن کے بجائے مارکیٹ ایسوسی ایشنز سے رابطہ کیا جائے جس سے تاجروں اور ایف بی آر کے درمیان اعتماد سازی ہوگی۔ انہوں نے ٹریفک کے مسائل پر قابو پانے کے لیے شہر کے مختلف حصوں میں پارکنگ پلازہ بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔تمام وفود کے اراکین نے تاجروں کے مسائل حل کرنے میں دلچسپی لینے اور فعال کردار ادا کرنے پر لاہور چیمبر کو سراہا۔

مزید :

کامرس -رائے -