عوام بجلی چوروں کی نشاندہی کریں،کرپشن برداشت نہیں کریں گے، شجاعت علی

عوام بجلی چوروں کی نشاندہی کریں،کرپشن برداشت نہیں کریں گے، شجاعت علی

  

 لاہور(این این آئی)بجلی چوری کی روک تھام کے لئے ہمارا ساتھ دیں اور بجلی چوروں کی نشاندہی کریں تاکہ ہم صارفین کو مزید بہتر سروسز اور سستی بجلی مہیا کر سکیں۔ کرپشن کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے اور عوام جائز کام میں رکاوٹ ڈالنے والوں اور کرپٹ عناصر کی نشاندہی کریں تاکہ اْن کے خلاف سخت ایکشن لیا جا سکے۔کسی قسم کی کرپشن برداشت نہیں کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار ایکسین جوہر ٹاؤن شجاعت علی نے افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ عوام واپڈا کی لائنوں اور تنصیبات کے نیچے تعمیرات سے گریز کریں اور اپنے آپ کو اور اپنے عزیز و اقارب کو حادثات سے بچانے میں ہمارے ساتھ تعاون کریں۔ برسات کے موسم میں حادثات سے بچنے کے لئے اپنے عزیز و اقارب اور مال مویشیوں کو واپڈا کی تنصیبات سے دور رکھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جہاں پر واپڈا کی لائنیں گھروں کی چھتوں کے نزدیک سے گزر رہی ہیں ان کی نشاندہی کریں تاکہ ان لائنوں کو شفٹ کیا جا سکے، اتھارٹی اس ضمن میں خصوصی توجہ دے رہی ہے اور وافر مقدار میں میٹریل مہیا کر رہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ صارفین کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔ شجاعت علی نے مزیدکہا کہ بجلی چوروں کے خلاف شکنجہ تیار کرلیا گیا بجلی چوروں اور بجلی نادہنگان کے گرد گھیرا تنگ کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کرنے کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔

مزید :

کامرس -