اوورسیز پاکستانیوں کے لیے یو اے ای سے خیبر ٹی وی کی نشریات کا آغاز کردیا گیا

اوورسیز پاکستانیوں کے لیے یو اے ای سے خیبر ٹی وی کی نشریات کا آغاز کردیا گیا
اوورسیز پاکستانیوں کے لیے یو اے ای سے خیبر ٹی وی کی نشریات کا آغاز کردیا گیا

  


دبئی (طاہر منیر طاہر) دنیا بھر میں مقیم اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو اجاگر کرنے کے لئے خیبر ٹی وی کے مڈل ایسٹ چینل نے یو اے ای سے اپنی نشریات شروع کردی ہیں۔ خیبر ٹی وی کے سی ای او جاوید حامد راجہ اور جنرل منیجر فار یو اے ای زمرد بونیری نے پاکستان جرنلسٹس فورم کے صدر اشفاق احمد ودیگر عہدیداران سہیل خاور، حافظ زاہد علی، حاجی محمد ارشد انجم، خالد گوندل، سبط عارف، طاہر منیر طاہر اور سجاد خان (پی ایف یو جے) سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ویسے تو بہت سے چینل بیرون ملک دیکھے جارہے ہیں لیکن خاص طور پر اوورسیز پاکستانیز کے مسائل اور مشکلات کی نشاندہی کے لئے کوئی چینل نہیں تھا۔

اوورسیز پاکستانیز کے مسائل اور مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس چینل کا آغاز کیا گیا ہے۔ یہ چینل پوری دنیا میں دیکھا جاسکتا ہے جو پوری دنیا کے اوورسیز پاکستانیز کی نمائندگی اور ترجمانی کرے گا۔ سی ای او جاوید حامد راجہ نے کہا کہ یو اے ای میں زمرد بونیری اس چینل کے منیجر ہوں گے جبکہ یو اے ای سے خیبر ٹی وی مڈل ایسٹ کی نشریات لائیو ہوں گی جس میں اوورسیز پاکستانیز کی مصروفیات، تقریبات اور ان کو درپیش مسائل دکھائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کی الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے نشاندہی کرنے پر ان کا حل بھی نکلے گا ہم مسائل کو متعلقہ اداروں اور اعلیٰ ارباب اختیار تک پہنچائیں گے۔ اوورسیز پاکستانیز براہ راست بھی ہمارے لائیو پروگراموں میں شرکت کرسکیں گے جبکہ ان کی تفریح طبع کے لئے ہر قسم کے دلچسپ پروگرام پیش کئے جائیں گے۔ جاوید حامد راجہ نے کہا کہ یہ چینل بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی بھرپور ترجمانی کرے گا اور ان کے لئے فائدہ مند ثابت ہوگا۔ پاکستان جرنلسٹس فورم PJF کے صدر اشفاق احمد نے پی جے ایف کے ارکان کی طرف سے نیا چینل شروع کرنے پر حامد راجہ اور زمرد بونیری کو مبارکباد پیش کی اور اپنی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور امید ظاہر کی کہ خیبر ٹی وی مڈل ایسٹ کے ذریعے اوورسیز پاکستانیز کے مسائل اعلیٰ ایوانوں تک پہنچیں گے اور ان کا حل بھی نکلے گا۔

مزید : عرب دنیا


loading...