ڈی پی او قصور نے نیپا ٹریننگ کورس میں شرکت کیلئے چارج چھوڑ دیا
لاہور(کر ائم رپو رٹر)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر قصور زاہد نواز مروت نے نیپا ٹریننگ کورس میں شرکت کیلئے عہدے کا چارج چھوڑ دیا ہے، ماتحت سٹاف، پولیس افسران و اہلکاروں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے انتہائی عزت و احترام کے ساتھ زاہد نواز مروت کو رخصت کیا۔تفصیلات کے مطابق آخری روز زاہد نواز مروت نے روانگی سے قبل آفس سٹاف کے ساتھ ملاقات کی اور بھرپور ساتھ دینے پرانکا شکریہ اد اکیا۔ آفس سٹاف،ماتحت افسران، سماجی شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد نے محبت کا اظہار کرتے ہوئے زاہد نواز مروت کو گلدستے پیش کیے اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں جبکہ آفس سے روانگی پر اہلیان قصور نے زاہد نواز مروت کی گراں قدر خدمات کے پیش نظر سٹرکیں پھولوں سے بھر دیں شہریوں نے زاہد نواز مروت کو پھولوں کے ہاراورمالائیں پہنا کر بینڈ باجے کے ساتھ رخصت کیا۔زاہد نواز مروت کی روانگی کے موقع پرکشمیر چوک، سٹیل باغ موڑ، لاری اڈااور مصطفٰی آباد میں شہریوں کی بڑی تعداد امڈ آئی شہریوں کے مطابق زاہد نواز مروت کا شمار پنجاب پولیس کے انتہائی قابل، فرض شناس اور محنتی افسران میں ہوتا ہے۔
جس نے پیشہ ورانہ مہارت کے باعث زینب کیس کے بعد چونیاں زیادتی کیس کے ملزمان کوقلیل مدت گرفتار کرکے شہریوں کی دعائیں لیں اور پنجاب پولیس کو ان ٹیسٹ کیسوں میں کامیابی سے سرخرو کروایا۔ شہریوں کا مزیدکہنا تھاکہ زاہد نواز مروت نے ضلع قصور میں امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کیلئے گراں قدر خدمات سرانجام دیں ہیں بالخصوص بچوں کے ساتھ جنسی جرائم کے خاتمے میں زاہد نواز مروت کی خدمات اور کوششوں کو سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ زاہد نواز مروت نے شہریوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی طرف سے اتنی محبت سمیٹ کر جا رہا ہوں جس کو ہمیشہ یاد رکھوں گا۔