سندھ کے ریفرنسوں کا پنجاب میں ٹرائل سازش ہے،منور انجم
لاہور(نمائندہ خصوصی)پیپلزپارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات چوہدری منور انجم نے کہا ہے کہ سندھ میں داخل کئے گئے ریفرنسوں کا پنجاب میں ٹرائل ملک کی سالمیت کے خلاف خوفناک سازش ہے۔ کورونا کے خطرے کے باوجود بھی سابق صدر آصف علی زرداری کو احتساب عدالت میں بار بار طلب کرکے ان کی صحت اور زندگی کے ساتھ گھناؤنا کھیل کھیلا جا رہا ہے۔ پیپلزپارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا قتل پنجاب میں ہوا اب صدر آصف علی زرداری اور مسز فریال تالپور کا ٹرائل بھی پنجاب میں ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ آخر ہر بڑی سازش کے لئے پنجاب کا انتخاب کیوں کیا جاتا ہے۔ اپنے ایک بیان میں منور انجم نے کہا کہ پی ڈی ایم متحرک ہو چکی ہے۔ اس تحریک میں پنجاب بھرپور کردار ادا کرے گاخاص طور پر جی ٹی روڈ کو تحریک کا مرکز بنانا ہوگا۔ چوہدری منور انجم نے کہا کہ پاکستان کو بچانے اور جمہوریت کے لئے پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت اور کارکنوں نے اپنے حصے سے زیادہ قربانیوں کی تاریخ قائم کی ہے۔
۔ اب پنجاب کی باری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بار پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے جمہوریت کی بحالی اور آئین پر عملداری کی تحریک کے فیصلہ کن نتائج برآمد ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم اور ان کی کٹھ پتلی حکومت کی بنیاد اکھڑ چکی ہے۔ بس اسے زوردار دھکا دینے کی ضرورت ہے۔