پی ٹی آئی حکومت نے 2سال میں کوئی ایسا کام نہیں کیا جس پر فخر کر سکے: سراج الحق
اسلام آباد(این این آئی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے دو سال میں کوئی ایسا کام نہیں کیا جس پر فخر کر سکے۔ پی ٹی آئی حکومت میں رشوت اور کرپشن بڑھ گئی ہے۔ اگر کوئی پی ٹی آئی والوں سے ان کی دولت کے بارے میں پوچھتاہے تو وہ ناراض ہو جاتے ہیں۔ریاست مدینہ کا نام لینے والے صبح و شام جھوٹ بولتے ہیں۔ قوم کی تقدیر چند خاندانوں کے ہاتھ میں ہے۔ رات کے اندھیروں میں قوم کی تقدیر کے فیصلے ہوتے ہیں۔ ووٹر ساری عمر غربت میں پستے گزار دیتاہے اور حکمران ہر شہر میں اپنے لیے بنگلے اور محل بنالیتے ہیں۔اقتدار پر 73 سال سے ایک ہی کلب اور گروہ کے لوگ مسلط ہیں جو دولت کے بل بوتے پر اقتدار میں آتے ہیں اور اپنی دولت میں کئی گنا اضافہ کر کے دوسرے کو باری دیتے ہیں۔ جماعت اسلامی ملک میں نظام مصطفی ؐکے نفاذ کی جدوجہد کر رہی ہے۔ عوام مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی سے نجات چاہتے ہیں تو جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ملک شاہد اسلم کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیے گئے عشائیہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عشائیہ تقریب سے نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ، امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد اور ملک شاہد اسلم نے بھی خطاب کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ملک پر مسلط نظام کی وجہ سے بائیس کروڑ عوام رو رہے ہیں۔ مہنگائی نے مزدوروں کسانوں،ریڑھ بانوں اور چھوٹے دکانداروں کے لیے سخت مشکلات پیدا کردی ہیں۔ لوگوں کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے۔
سراج الحق