پیپلزپارٹی کا مشغلہ مہاجروں کی نسل کشی کرنا ہے، ڈاکٹر سلیم حیدر

پیپلزپارٹی کا مشغلہ مہاجروں کی نسل کشی کرنا ہے، ڈاکٹر سلیم حیدر

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے کراچی، حیدرآباد سمیت شہری علاقوں کے مہاجروں کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا ہوا ہے۔ مہاجروں کی نسل کشی اس جماعت کا پسندیدہ مشغلہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایک طرف کراچی، حیدرآباد میں مہاجروں پر ملازمت، تعلیم کے دروازے بند کردیئے گئے تو دوسری جانب سندھی النسل قوم پرستوں، علیحدگی پسندوں اور سندھودیش کا پرچار کرنے والوں کو حکومتی خرچ پر کراچی لاکر پاکستان کی سالمیت اور مہاجروں کیخلاف ہرزہ سرائی کرائی جارہی ہے انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی وفاق کی جماعت ہونے کی دعویدار ہے لیکن اس کا اصل چہرہ قوم پرستانہ سیاست ہے۔ وہ گزشتہ 40سالوں سے سندھ کارڈ استعمال کرکے وفاق اور وفاقی اداروں کو بلیک میل کررہی ہے۔ کراچی کے مہاجر بخوبی جانتے ہیں کہ پیپلزپارٹی نے جس طرح دیہی سندھ سے جعلی ڈومیسائل کی بنیاد پر لوگوں کو کراچی لاکر ملازمتیں دلوائیں اور انہیں منافع بخش اداروں میں لگاکر اب ان اداروں کو تباہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کراچی، حیدرآباد سمیت شہری علاقوں میں کسی بھی مہاجر کا جائز کام بغیر رشوت لئے بغیر نہیں کیا جاتا۔ حد تو یہ ہے کہ کراچی کے مقامی افراد پر کراچی کی میڈیکل، انجینئرنگ کالجوں اور یونیورسٹیز میں بھی داخلے نہیں دیئے جاتے جس کے باعث لاکھوں روپے خرچ کرکے غریب افراد نجی تعلیمی اداروں میں اپنے بچوں کو پڑھانے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی میں موجود قوم پرست وزراء اور عہدیدار کراچی کے عوام کے خلاف اعلانیہ بات کررہے ہیں جو اس جماعت کے وفاقی ہونے کے منہ پر طمانچہ ہے۔ ماضی میں بھی ذوالفقار علی بھٹو نے کراچی اور حیدرآباد کو معاشی،ا قتصادی اور سیاسی طورپر تباہ کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ ان وفاقی جماعتوں کو شرم آنی چاہئے جو ان پیداگیروں اور لٹیروں کے ساتھ پاکستان ڈیموکریٹک الائنس کے نام پر ساتھ دیتے ہیں۔ 

مزید :

صفحہ آخر -