پاکستان سمیت دنیا بھر میں اساتذہ کا عالمی دن منایا گیا

    پاکستان سمیت دنیا بھر میں اساتذہ کا عالمی دن منایا گیا

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان سمیت دنیا بھر میں 5اکتوبرکو اساتذہ کا عالمی دن منایا گیا، رواں برس اس دن کو ان اساتذہ کے نام کیا گیا ہے جنہوں نے اس مشکل وبائی دور میں لیڈرز کا کردار ادا کیا۔اساتذہ کا عالمی دن ہر سال 5 اکتوبر کو منایا جاتا ہے، اس کی ابتداسال1994سے ہوئی۔ یونیسکو، یونیسف اور تعلیم سے منسلک دیگر اداروں کی جانب سے اس دن جہاں اساتذہ کو خراج تحسین پیش کیا جاتا ہے وہاں ان مسائل کا جائزہ بھی لیا جاتا ہے جو انہیں درپیش ہیں۔استاد ایک اچھے تعلیمی نظام کا بنیادی عنصر، اس کی روح ہیں اور جب تک اساتذہ کو معاشرے میں عزت نفس نہیں ملتی، وہ مقام نہیں ملتا جس کے وہ مستحق ہیں، وہ اپنے فرائض کو بخوبی انجام نہیں دے سکتے۔رواں برس اس دن کو کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے مشکل وقت کے دوران اساتذہ کے عزم و حوصلے کے نام کیا گیا ہے۔اقوام متحدہ کے مطابق اس وبائی دور میں جہاں پوری دنیا تھم گئی، وہیں اساتذہ نے بے شمار مشکلات کے باوجود بھی اپنا مشن جاری رکھا اور نئے ذہنوں کو تعلیم کی روشنی سے منور کرتے رہے۔پاکستان میں مجموعی طور پر تعلیم کا شعبہ سنگین مسائل سے دو چار ہے اور موجودہ وبائی دور میں اس کی خرابیاں مزید اجاگر ہوئیں۔قیام پاکستان سے آج تک کسی بھی حکومت نے ملک میں تعلیمی اصلاحات کو مکمل طور پر نافذ کرنے کے لیے بجٹ مختص نہیں کیا جس کے سبب اساتذہ قلیل تنخواہ میں بنا کسی مناسب تربیت کے پڑھانے پر اور طالب علم بغیر سہولیات اور جدید ٹیکنالوجی کے پڑھنے پر مجبور ہیں۔موجودہ حالات میں آن لائن تعلیم والدین اور اساتذہ دونوں کے لیے وبال بن گئی، ملک کے دور دراز پسماندہ شہروں اور قصبوں میں تو جدید ٹیکنالوجی سرے سے موجود ہی نہیں، تاہم بڑے شہروں میں بھی اساتذہ مشکلات کا شکار رہے

مزید :

صفحہ آخر -