بعض عناصر مخصوص ایجنڈے کے تحت اداروں کو نشانہ بنا رہے ہیں: عثمان بزدار

  بعض عناصر مخصوص ایجنڈے کے تحت اداروں کو نشانہ بنا رہے ہیں: عثمان بزدار

  

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئر (ر) اعجاز شاہ اورکشمیرکمیٹی کے چیئرمین شہر یار خان آفریدی نے ملاقات کی - عثمان بزدار، اعجاز شاہ اور شہر یار آفریدی نے اداروں کو متنازعہ بنانے کی مذموم کوشش کی مذمت کی -تینوں رہنماؤں نے اس امر کا اظہار کیا کہ اداروں کے خلاف ہر سازش کامقابلہ کیا جائے گا-ملاقات میں جرائم پیشہ اور قانون شکن عناصر کیخلاف بلا امتیاز کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا-وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے اورقانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے کے لئے آخری حد تک جائیں گے-انہوں نے کہا کہ بعض عناصر مخصوص ایجنڈے کے تحت اداروں کو نشانہ بنا رہے ہیں -ملک کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے - اداروں کے خلاف پراپیگنڈا قابل مذمت اور افسوسناک ہے -قومی اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے-صوبے میں کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی-وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئر (ر) اعجاز شاہ نے کہا کہ بعض عناصر کی جانب سے اداروں پر دشنام طرازی کا کوئی جواز نہیں -اپوزیشن کی جانب سے اداروں کو متنازعہ بنانے کا مخصوص ایجنڈا بے نقاب ہو چکا ہے-اپوزیشن اپنے ملک دشمن بیانیے سے پاکستان کو نقصان پہنچانے کے درپے ہے -اداروں پر الزام لگانے والوں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی ہو گی- کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہر یار خان آفریدی نے کہا ہے کہ اداروں کے خلاف بیان بازی کرنے والے ملک و قوم کے خیرخواہ نہیں -اپوزیشن اداروں کو متنازعہ بنا کر مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتی ہے- منفی سیاست کرنے والوں کا اداروں کو متنازعہ بناناملک دشمنی کے مترادف ہے-  سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں شعبہ زراعت کی ترقی کیلئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا-وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ زرعی شعبہ معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے - زرعی شعبے میں بہت زیادہ پوٹینشل ہے - زراعت کی ترقی کیلئے جو کچھ ہوسکا کریں گے - زرعی شعبہ کی ترقی جدید ٹیکنالوجی سے منسلک ہے -جدید زرعی ٹیکنالوجی اپنانا وقت کی ضرورت ہے - زرعی ریسرچ کی ضرورت اور اہمیت سے کوئی انکار نہیں کر سکتا - زرعی ریسرچ کے شعبے کو جدید تقاضوں کے ہم آہنگ کر کے ہی نئے چیلنجز سے نبرد آزما ہو سکتے ہیں - وزیر اعلی عثمان بزدار نے زرعی شعبہ کے فروغ کے لئے خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ  خصوصی کمیٹی 10 روز میں جامع پلان مرتب کر کے پیش کرے- سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے پنجاب میں 24گھنٹے میں کورونا سے کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوااور24 گھنٹے میں صوبے میں کورونا کے 129 نئے کیس سامنے آئے ہیں جبکہ صوبے میں کورونا کے ایکٹو مریضوں کی تعداد1689 ہے اور 99941 مریضوں میں سے96012 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔پنجاب میں اب تک1297255 ٹیسٹ کئے گئے ہیں اورگزشتہ 24گھنٹے کے دوران9325 ٹیسٹ کئے گئے۔

عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -