سٹاک مارکیٹ شدید مندی کا شکار، انڈیکس میں 998پوائنٹس کمی، سرمایہ کاروں کو 2کھرب 5ارب 82کروڑ روپے کا نقصان
کراچی (اکنامک رپورٹر) پاکستان اسٹا ک مارکیٹ کاروباری ہفتے کے پہلے روز پیر کو شدید مندی کی لپیٹ میں رہی جس کے نتیجے میں کے ایس ای100 انڈیکس 40ہزار کی نفسیاتی حد سے گرتے ہوئے998پوائنٹس کی کمی سے3972پوائنٹس کی سطح پر آگیاجب کہ مارکیٹ سے سرمایہ نکالنے کے رجحان کے باعث89.20فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جس کی وجہ سے سرمایہ کاروں کو 2کھرب5ارب82کروڑ34لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑاتاہم حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم گزشتہ ٹریڈنگ سیشن کی نسبت 17.60فیصد زائد رہا۔گزشتہ روز ٹریڈٖنگ کے آغاز سے ہی سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص فروخت کا رجحان رہاجس کی شدت وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ بڑھتی گئی اور مارکیٹ شدید مندی کی لپیٹ میں آگئی جس کے باعث دوران ٹریڈنگ کے ایس ای100انڈیکس 39ہزار اور38ہزار کی نفسیاتی حدوں سے گرتے ہوئے38864پوائنٹس کی نچلی سطح پر آگیا بعد میں 39ہزار کی نفسیاتی حد تو بحال ہوگئی لیکن مندی آخر تک جاری رہی اور کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس 998.36پوائنٹس کی کمی سے39072.47پوائنٹس پر بند ہواجب کہ کے ایس ای 30انڈیکس 392.91پوائنٹس کی کمی سے 16586.49پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 780.14پوائنٹس کی کمی سے27794.70پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔گزشتہ روز مجموعی طور پر 417کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے31کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ372میں کمی اور14کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔مندی کے سبب مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 75کھرب38ارب 63کروڑ4لاکھ روپے سے گھٹ کر73کھرب 32ارب 80کروڑ70لاکھ روپے رہ گیا ۔قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اعتبار سے آئی لینڈ ٹیکسٹائیل18.50روپے کے اضافے اور اے کے ڈی کیپٹل 7.59روپے کے اضافے سے110روپے ہوگئی جب کہ کولگیٹ پامولو 226روپے اور نیسلے پاکستان 90.01روپے کی کمی سے باالترتیب 2834روپے اور6600روپے ہوگئی انٹر بینک میں امریکی ڈالر مزید 20پیسے کی کمی سے 164.60روپے کی سطح پر آگیا جب کہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر مستحکم رہی تاہم یورو کی قدر میں 25پیسے کی کمی اور برطانوی پاونڈ کی قدر میں 50پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق پیر کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت خرید20پیسے کی کمی سے164.40روپے سے گھٹ کر164.20روپے اور قیمت فروخت164.60روپے سے گھٹ کر164.50روپے پر آ گئی جب کہ مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید164.60روپے اور قیمت فروخت164.90روپے مستحکم رہی۔فاریکس رپورٹ کے مطابق یورو کی قدر میں 25پیسے کی کمی واقع ہوئی جس سے یورو کی قیمت خرید192روپے سے گھٹ کر191.75روپے اور قیمت فروخت194روپے سے گھٹ کر193.75روپے ہو گئی جب کہ اس کے مقابلے میں برطانوی پاونڈ کی قیمت خرید50پیسے کے اضافے سے 211.50روپے سے بڑھ کر212روپے اور قیمت فروخت213.50روپے سے بڑھ کر214روپے ہوگئی۔مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمت 700روپے کے اضافے سے1لاکھ12ہزار500روپے ہوگئی۔آل سندھ صراف اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق گزشتہ روز عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس کی قیمت 6ڈالر کے اضافے سے1906روپے ہوگئی جس کے زیر اثر مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت 700روپے کے اضافے سے1لاکھ12ہزار500روپے اور دس گرام سونے کی قیمت 600روپے کے اضافے سے96ہزار450روپے ہوگئی۔چاندی کی فی تولہ قیمت 1200روپے مستحکم رہی۔
سٹاک مارکیٹ