تعلیمی نظام میں اساتذہ کاکردار ناگز یر ہے، ڈاکٹر شاہانہ عروج کا ظمی 

  تعلیمی نظام میں اساتذہ کاکردار ناگز یر ہے، ڈاکٹر شاہانہ عروج کا ظمی 

  

صوابی(بیورورپورٹ)ویمن یونیورسٹی صوابی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرشاہانہ عروج کاظمی نے کہا کہ تعلیمی نظام میں اساتذہ کا کردار ناگزیر ہے،اساتذ ہ کے بغیر کوئی بھی تعلیمی نظام نہیں چل سکتا۔ جس قوم میں لائق اور دیانتدار اساتذہ ہوں اسے ترقی کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ اگر کسی قوم کی ترقی کا اندازہ لگانا ہو تو یہ دیکھنا چاہئے کہ وہ اپنے اساتذہ کی کتنی عزت وتکریم کرتے ہیں، افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ مغربی ممالک میں اساتذہ کی جو قدرومنزلت ہے وہ ہمارے معاشرے میں ناپید ہے۔اساتذہ کا کردار ایسا ہونا چاہئے کہ وہ طلبہ کے رول ماڈل بنیں۔اساتذہ معاشرے کے سب سے اہم فرد ہیں،ہمیں ایک ایسا معاشرہ ترتیب دینا ہے جس میں اساتذہ کو حکومت اور تمام اسٹیک ہولڈرز کی جانب سے وہی عزت و تکریم ملے جو ان کا حق ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے ویمن یونیورسٹی صوابی میں عالمی یومِ اساتذہ کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انھوں نے اساتذہ کو یہ ہدایت کی کہ وہ دیانتداری سے طلبہ کی تعلیمی و اخلاقی تربیت کریں۔مستقبل کے معماروں کی تربیت ایک ایسا فریضہ ہے جس کواگر کامیابی سے کرلیا جائے تو اس کاثمر آنے والی نسلوں تک جاتا ہے۔زندگی کا کوئی بھی شعبہ خواہ عدلیہ،فوج،سیاست،بیوروکریسی،صحت،ثقافت،تعلیم ہو یا صحافت یہ تمام ایک استاد کی صلاحیتوں کی عکاسی کرتے ہیں۔ اگر مذکورہ شعبہ جات میں عدل،توازن اور ہم آہنگی پائی جاتی ہے تو یہ صالح اساتذہ کی تعلیمات کا پرتو ہے اور اگر اساتذہ کی تعلیمات میں کہیں کوئی نقص اور کوئی عنصر خلاف شرافت و انسانیت آجائے تب وہ معاشرہ رشوت خوری اوربدامنی کی منہ بولتی تصویر بن جاتا ہے۔ استاد کو ایک صالح معاشرے کی تعمیر میں کلیدی کردار کی انجام دہی کی وجہ سے ہی معمار قوم کا خطاب عطا کیا گیا ہے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -