موٹر سائیکل چوری  میں ملوث ملزمان گرفتار

  موٹر سائیکل چوری  میں ملوث ملزمان گرفتار

  

پشاور(کرائم رپورٹر) کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے دو مختلف کاروائیوں کے دوران موٹرسائیکل چوری میں سرگرم دو مختلف گروہوں کا سراغ لگا کر چار ملزمان کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزمان میں سے دو کا تعلق درہ آدم خیل جبکہ دو کا تعلق پشاور سے ہے جنہوں نے ابتدائی تفتیش کے دوران موٹرسائیکل چوری کے دوران متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے مسروقہ موٹر سائیکل درہ آدم خیل میں اونے پونے داموں فروخت کرنے کا انکشاف کیا ہے جن ملزمان کے قبضے سے 6 عدد مسروقہ موٹرسائیکل برآمد کر لئے گئے ہیں تفصیلات کے مطابق مدعی فاروق نے پولیس کو رپورٹ کی تھی کہ اس کے گھر کے سامنے سے کسی نامعلوم ملزم نے اس کی موٹر سائیکل چوری کر لی ہے جس پر مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ایس پی رورل سجاد حسین نے واردات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے سرگرم ملزمان کا سراغ لگانے کی خاطر ڈی ایس پی چمکنی لقمان کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ چمکنی حفیظ الرحمان اور ایس ایچ او تھانہ شاہ پور مکرم خان پر مشتمل ٹیم تشکیل دی خصوصی ٹیم نے دوران تفتیش متعدد جرائم پیشہ اور مشکوک افراد کو شامل تفتیش کیا جس کے دوران موٹر سائیکل چوری میں ملوث دو گینگز کا سراغ لگا گزشتہ روز چار ملزمان عمران ولد شہزاد سکنہ ناصر پور، مشرف ولد شفیع، نور کمال ولد غفار ساکنان درہ آدم خیل اور جاوید ولد غیاث الدین سکنہ پھندو کو گرفتار کر لیا جنہوں نے ابتدائی تفتیش کے دوران موٹرسائیکل چوری کے متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے مسروقہ موٹر سائیکل درہ آدم خیل میں اونے پونے داموں فروخت کرنے کا انکشاف کیا جن کے قبضے سے 6 عدد مسروقہ موٹر سائیکل بھی برآمد کر لئے گئے ہیں، چاروں ملزمان سے دوران تفتیش مزید اہم انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -