ریاست مدینہ کا نام لینے والے صبح وشام جھوٹ بولتے ہیں؟ سراج الحق 

ریاست مدینہ کا نام لینے والے صبح وشام جھوٹ بولتے ہیں؟ سراج الحق 

  

ملتان (پ ر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے دو سال میں کوئی ایسا کام نہیں کیا جس پر فخر کر سکے۔ پی ٹی آئی حکومت میں (بقیہ نمبر41صفحہ 6پر)

رشوت اور کرپشن بڑھ گئی ہے۔ اگر کوئی پی ٹی آئی والوں سے ان کی دولت کے بارے میں پوچھتاہے تو وہ ناراض ہو جاتے ہیں۔ریاست مدینہ کا نام لینے والے صبح و شام جھوٹ بولتے ہیں۔ قوم کی تقدیر چند خاندانوں کے ہاتھ میں ہے۔ رات کے اندھیروں میں قوم کی تقدیر کے فیصلے ہوتے ہیں۔ ووٹر ساری عمر غربت میں پستے گزار دیتاہے اور حکمران ہر شہر میں اپنے لیے بنگلے اور محل بنالیتے ہیں۔اقتدار پر 73 سال سے ایک ہی کلب اور گروہ کے لوگ مسلط ہیں جو دولت کے بل بوتے پر اقتدار میں آتے ہیں اور اپنی دولت میں کئی گنا اضافہ کر کے دوسرے کو باری دیتے ہیں۔ جماعت اسلامی ملک میں نظام مصطفیؐکے نفاذ کی جدوجہد کر رہی ہے۔ عوام مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی سے نجات چاہتے ہیں تو جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ملک شاہد اسلم کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیے گئے عشائیہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عشائیہ تقریب سے نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ، امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد اور ملک شاہد اسلم نے بھی خطاب کیا۔  سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ملک پر مسلط نظام کی وجہ سے بائیس کروڑ عوام رو رہے ہیں۔ مہنگائی نے مزدوروں کسانوں،ریڑھ بانوں اور چھوٹے دکانداروں کے لیے سخت مشکلات پیدا کردی ہیں۔ لوگوں کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے۔ مایوسی اور ناامیدی کے اندھیروں نے عوام کو ہر طرف سے گھیر رکھاہے۔ لوگ اس خوف میں رہتے ہیں کہ کل کیا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت مسلم لیگ، پیپلز پارٹی اور مشرف حکومتوں کے وزراء مشیروں کو جمع کر کے بنائی گئی ہے۔ جو لوگ پہلی حکومتوں میں ناکامیوں کے ریکارڈ قائم کر چکے ہیں ان سے بہتری کی کوئی امید لگانا خود کو فریب میں مبتلا رکھنے کے مترادف ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہاکہ نااہل حکمرانوں نے قومی وحدت کو شدید نقصان پہنچایا ہے مگر حکمران انتشار اور انارکی پھیلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت اپنے تمام دعوؤں اور وعدوں کے برعکس عوام کو کوئی ریلیف نہیں دے سکی۔ مہنگائی، بے روزگاری اور لاقانونیت نے ہر فرد کو پریشان کر رکھاہے۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی عوام کی امنگوں کی ترجمان ہے۔ ظلم و جبر اور استحصالی نظام سے ہمیشہ کے لیے نجات حاصل کرنا ضروری ہے۔ عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں تو ملک کو ترقی و خوشحالی کے راستے پر گامزن کیا جاسکتاہے۔

سراج الحق

مزید :

ملتان صفحہ آخر -