ڈیرہ، چہلم امام حسین ؓ کے انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی
پشاور(سٹاف رپورٹر)ضلعی انتظامیہ ڈیرہ اسماعیل خان کی جانب سے چہلم کے انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی۔تمام متعقلہ محکموں کو ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں جبکہ محکمہ پولیس کی جانب سے پہلے ہی اس حوالے سے سیکورٹی پلان مرتب کر کے مکمل عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ چہلم کے سلسلے میں تمام متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریاں تندہی سے سرانجام دیں تاکہ بہتر اور بروقت انتظامات کیساتھ ساتھ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کا تدارک یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران تمام متعلقہ محکموں نے اپنی ذمہ داریاں احسن طور پر سرانجام دیں قابل تحسین ہے اسلئے چہلم کے موقع پر بھی تمام متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریاں بخوبی ادا کریں۔انہوں نے تمام متعلقہ محکموں سے چہلم کے سلسلے میں ڈیوٹی روسٹرز بھی طلب کیے اور ہدایت کی کہ اس حوالے سے فوکل پرسنز بھی نامزد کیے جائیں تاکہ بہتر انتظامات کے ساتھ ساتھ مشکلات کا فوری ازالہ بھی یقینی بنایا جا سکے۔