آئی سی سی کو عالمی ٹیسٹ چیمپین شپ کی فکر لاحق ہو گئی مگر کیوں؟ کرکٹ شائقین کیلئے تشویشناک خبر

آئی سی سی کو عالمی ٹیسٹ چیمپین شپ کی فکر لاحق ہو گئی مگر کیوں؟ کرکٹ شائقین ...
آئی سی سی کو عالمی ٹیسٹ چیمپین شپ کی فکر لاحق ہو گئی مگر کیوں؟ کرکٹ شائقین کیلئے تشویشناک خبر

  

دبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو عالمی ٹیسٹ چیمپین شپ کی فکر لاحق ہو گئی ہے جس نے کورونا وائرس کے باوجود آئندہ برس فیصلہ کن معرکے کا انعقاد کرانے کی کوشش شروع کر دی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق ماضی قریب میں دو مرتبہ عالمی ٹیسٹ چیمپین شپ کے انعقاد میں ناکامی کے بعد آئی سی سی کی جانب سے تازہ ترین کوشش کا کامیابی سے آغاز ہو چکا تھا مگر عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کی وجہ سے کئی باہمی سیریز ملتوی یا منسوخ کردی گئیں جبکہ موجودہ حالات میں مزید سیریز کھیلنا ممکن نہیں لگ رہا۔ 

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے چیف ایگزیکٹو ٹام ہیریسن کا ان سب حالات کے باوجود یہ کہنا ہے کہ گورننگ باڈی کو مطلع کر چکے ہیں کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپین شپ کا فائنل شیڈول کے مطابق ہی ہونا چاہئے۔ اب اس بات پر غور کیا جا رہا ہے کہ جو سیریز عالمی وباءکی وجہ سے ملتوی کی گئی ہیں ان میں پوائنٹس کی تقسیم کو کس طرح ممکن بنایا جائے کیونکہ اس کے بغیر عملی طور پر اس بات کا تعین ممکن نہیں کہ کون سی ٹیمیں فائنل کھیلیں گی۔

واضح رہے کہ 9 ٹیسٹ ممالک کو دو سالہ عرصے میں ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر چھ، چھ سیریز کھیلنے کا امتحان درپیش ہے اور پوائنٹس ٹیبل پر دو سرفہرست ٹیموں کو آئندہ برس جون میں لارڈز کے میدان پر فائنل کھیلنا ہے لیکن اصل مسئلہ یہ ہے کہ کورونا وائرس کے سبب کئی ٹیموں کو ابھی تک باہمی سطح پر کھیلنے کے مناسب مواقع ہی نہیں مل سکے ہیں۔

آئی سی سی کو اب یہ فکر لاحق ہے کہ اگر کورونا وائرس کے وار اسی طرح جاری رہے اور ٹیسٹ چیمپین شپ کے فائنل سے پہلے شیڈول باہمی سیریز مکمل نہ ہوئیں تو پھر فائنل کیسے کرایا جائے گا، کہیں ایسا نہ ہو کہ ماضی کے برعکس اس مرتبہ چیمپین شپ کامیابی سے آغاز کے باوجود بھی مکمل نہ ہو سکے۔ 

مزید :

کھیل -