نیشنل ٹی 20 کپ میں دھوم مچانے والے نوجوان بلے باز ذیشان ملک نے دل کی خواہش کا اظہار کر دیا

نیشنل ٹی 20 کپ میں دھوم مچانے والے نوجوان بلے باز ذیشان ملک نے دل کی خواہش کا ...
نیشنل ٹی 20 کپ میں دھوم مچانے والے نوجوان بلے باز ذیشان ملک نے دل کی خواہش کا اظہار کر دیا
کیپشن:    سورس:   Twitter

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نیشنل ٹی 20 کپ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے نوجوان بلے باز ذیشان ملک نے کہا ہے کہ رواں سال فرسٹ الیون میں نام آتے ہی میں نے اس ایونٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کا عزم کر لیا تھا۔ 

تفصیلات کے مطابق نیشنل ٹی 20 کپ فرسٹ الیون ٹورنامنٹ میں سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں جس کا پہلا مرحلہ آج ختم ہو جائے گا جبکہ دوسرا مرحلہ 9 اکتوبر سے راولپنڈی میں شروع ہو گا، سنسنی سے بھرپور نیشنل ٹی ٹورنامنٹ میں اب تک کھیلے گئے 10 میچوں میں 363 چوکے اور 137 چھکے لگ چکے ہیں۔ راولپنڈی کے 23 سالہ ذیشان ملک 192 رنز بناکر اب تک ٹورنامنٹ کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں جبکہ اوپنر نے اتوار کو سندھ کے خلاف کھیلے گئے لیگ میچ میں 52 گیندوں پر 84 رنز کی اننگز کھیل کر ناردرن کی فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

اب تک ٹورنامنٹ کے 4 میچوں میں 2 نصف سنچریاں بنانے والے ذیشان ملک نے کہا کہ رواں سال فرسٹ الیون میں نام آتے ہی میں نے اس ایونٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کا عزم کرلیا تھا اور ایونٹ کے اختتام پر ٹورنامنٹ کے بہترین بیٹسمین بننے کی خواہش ہے۔ ذیشان ملک کا کہنا ہے کہ بطور کھلاڑی اگر آپ کی نصف سنچری سے ٹیم جیت جائے تو سنچری ادھوری رہ جانا کوئی معنی نہیں رکھتا مگر مجھے امید ہے کہ جس تسلسل سے پرفارمنس دکھا رہا ہوں، اس ایونٹ میں سنچری بنانے کی خواہش پوری کر لوں گا۔ 

سال 2011ءمیں اپنے کرکٹ سفر کا آغاز کرنے والے ذیشان ملک نے 2012ءمیں پی سی بی پیپسی کرکٹ سٹارز انڈر16 کرکٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کی۔ 2013ءمیں انڈر19کی سطح پر کھیلوں کی سرگرمیوں کا آغاز کیا اور متعدد دوروں پر پاکستان کی نمائندگی کی۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) انڈر19 کرکٹ ورلڈکپ 2016ءمیں پاکستان کی قیادت کرنے والے ذیشان ملک انڈر 23 کرکٹ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کرنے کا اعزاز رکھتے ہیں۔

فارغ اوقات میں فٹ بال کھیلنے کے شوقین ذیشان ملک کا کہنا ہے کہ پہلی بار انڈر17 کرکٹ ٹیم کے ساتھ انگلینڈ جانے پر میں بہت خوش تھا اور وہاں بنائی گئی سنچری آج بھی میری بہترین یادوں میں سے ایک ہے۔ گزشتہ سال قائداعظم ٹرافی فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ میں 216 رنز کی اننگز کھیلنے والے ذیشان ملک اب تک 16 فرسٹ کلاس میچوں میں 33.29 کی اوسط سے 1032 رنز بناچکے ہیں۔

نوجوان کرکٹرکا کہنا ہے کہ مجھے بیٹنگ کا بہت شوق ہے اور میری پسندیدہ شاٹ گیند کو کٹ کرنااور کوور ڈرائیو لگانا ہے، بچپن سے ہی اپنے خوابوں کی تکمیل کیلئے سردھڑ کی بازی لگانے کی کوشش کرتا رہا ہوں، جنوبی افریقہ کے ورلڈ کلاس کرکٹر اے بی ڈویلیئرز اور پاکستان کے تجربہ کرکٹر محمد حفیظ میرے پسندیدہ کرکٹر ہیں اور میرا مقصد پاکستان کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرنا ہے۔

مزید :

کھیل -