رمیز راجہ کو قومی ٹی 20 ٹورنامنٹ میں جوش و جذبے کی کمی کھٹکنے لگی، کون سی ٹیمیں دل و جان سے کھیل رہی ہیں اور کن میں مایوسی جھلکتی ہے؟ سب کچھ بتا دیا

رمیز راجہ کو قومی ٹی 20 ٹورنامنٹ میں جوش و جذبے کی کمی کھٹکنے لگی، کون سی ٹیمیں ...
رمیز راجہ کو قومی ٹی 20 ٹورنامنٹ میں جوش و جذبے کی کمی کھٹکنے لگی، کون سی ٹیمیں دل و جان سے کھیل رہی ہیں اور کن میں مایوسی جھلکتی ہے؟ سب کچھ بتا دیا

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی اور موجودہ کمنٹیٹر رمیز راجہ کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نیشنل ٹی 20 کپ میں جوش و جذبے کی کمی کھٹکنے لگی ہے جن کا کہنا ہے کہ ایک، دو ٹیمیں صرف خانہ پری کر رہی ہیں جبکہ ناردرن میں عزم اور جیت کی بھوک نظر آتی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق قومی ٹی 20 ٹورنامنٹ کا پہلا مرحلہ ملتان میں جاری ہے جس میں کئی ٹیموں کے کھلاڑیوں کی فٹنس اور فیلڈنگ غیر معیاری نظر آ رہی اور اس کا اثر مجموعی کارکردگی پر بھی پڑتا دکھائی دیا، اس حوالے سے رمیز راجہ نے کہاکہ جوش اور جذبہ ٹی 20 کرکٹ کی پہچان ہے مگر ملتان میں تاحال اس کی کمی دکھائی دی ہے، مسلسل غیر معیاری کھیل پیش کرنے والی 1،2 ٹیمیں تو مقابلے کی دوڑ میں شامل ہونے کے موڈ میں نظر نہیں آتیں اور صرف خانہ پری کررہی ہیں،چند کھلاڑی یہ سوچ رکھتے ہیں کہ بڑا سکور کریں یا نہیں ان کی جگہ کو کوئی خطرہ نہیں اور کچھ ایسے بھی ہیں جنہیں اندازہ ہے کہ رنز بنانے یا وکٹیں لینے کے باوجود ان کی قومی ٹیم میں شمولیت ممکن نہیں ہوسکے گی۔ 

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے رویوں سے کوئی بھی ٹورنامنٹ کامیاب نہیں ہو سکتا، ایک مستند کرکٹر کیلئے اہم ہوتا ہے کہ وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی رویہ، توجہ، جوش و جذبہ برقرار رکھے، اس کی باڈی لینگوئج مثبت رہے،یہ چیزیں ناردرن کی ٹیم میں نظر آتی ہیں اور شاداب خان الیون ہر میچ جیتنا چاہتی ہے اور بڑے نام نہ ہونے کے باوجود ٹیم ڈومیسٹک کرکٹ کی قدر کرتے ہوئے اچھا کھیل پیش کررہی ہے، اس طرح کے کھلاڑیوں کو دنیا کی کسی لیگ میں بھی کارکردگی دکھانے کا موقع ملے تو اپنا ٹیلنٹ ثابت کریں گے۔

رمیز راجہ نے کہا کہ مثبت سوچ کے ساتھ میدان میں اترنے والے شاداب خان کی کارکردگی قابل ستائش رہی،ٹیم میں انرجی، لڑنے کی ہمت اور فیلڈنگ میں محنت نظر آئی، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ نوجوان قائد نے ساتھی کھلاڑیوں میں اس قدر جوش بھر دیا کہ وہ آخری گیند تک ہار ماننے کو تیار نہیں ہوتے اور ٹی 20 فارمیٹ میں کچھ کر دکھانے کیلئے ایسے ہی جوش و جذبے اور کارکردگی کی ضرورت ہوتی ہے۔ 

مزید :

کھیل -